Friday, March 29, 2024

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی 26 نومبر سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی 26 نومبر سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی
November 22, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) سیاسی پارٹیوں کو غیر ملکی فنڈنگ کا معاملہ ٹاک آف دی ٹاؤن بن چکا ہے، جس پر الیکشن کمیشن نے 26 نومبر سے پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ کہاں سے آیا؟ کہاں لگایا؟ سیاسی جماعتوں کو بھی حساب کتاب رکھنا پڑے گا، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت اب ہر روز ہوگی، الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی 26 نومبر سے کیس روزانہ کی بنیاد پر سنے گی۔ الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے نمائندوں کو بھی 26 نومبر کو اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے طلب کر رکھا ہے، دونوں جماعتوں کےخلاف بھی فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کا آغاز اسی روز ہوگا تحریک انصاف کے ایم این اے فرخ حبیب نے کہا دوسری جماعتوں نے بھی اپنے فنڈز کے ذرائع نہیں بتائے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو بھی راہ فرار نہیں ملنا چاہیے، اسکروٹنی کمیٹی پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے کیس بھی دیکھے فردوس عاشق اعوان نے کہا الیکشن کمیشن کو یرغمال بناکر اثرانداز ہونے کی مذمت کرتے ہیں، اپنے موقف اور نظریئے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں، قوم گواہ ہے ملک کی سب سے بڑی عدالت نے کسے صادق اور امین قرار دیا اور کون بددیانت ٹھہرا۔ تحریک انصاف نے بھی جواب الجواب ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے فنڈز کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کرڈالا۔