Thursday, March 28, 2024

پی ٹی آئی رہنماء کسانوں کو احتجاج کے لیے ورغلاتے رہے: رانا ثنا اللہ

پی ٹی آئی رہنماء کسانوں کو احتجاج کے لیے ورغلاتے رہے: رانا ثنا اللہ
May 24, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے تحریک انصاف کو تحریک انتشار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماء کسانوں کو احتجاج کے لیے ورغلاتے رہے، عوام انہیں آئندہ الیکشن میں سزا دیں گے جبکہ اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے وزیراعظم نوازشریف سے دورہ برطانیہ منسوخ کر کے فوری وطن واپس آنے کا مطالبہ کر دیا۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کسانوں نے احتجاج ختم کر کے وزیراعلیٰ اور وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا مگر تحریک انتشار کے رہنمائوں نے انہیں ورغلایا اور احتجاج جاری رکھنے کے لیے اخراجات اٹھانے کی پیشکش  بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کی وجہ سے پورے شہر کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر پی ٹی آئی کو عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید حکومت پر خوب برسے اور کہا کہ ملک کی آزادی وخودمختاری داؤ پر لگی  ہے، امریکہ کے ڈرون حملے سے پاکستان کی مشکلات بڑھ گئیں۔ وزیراعظم  نوازشریف دورہ ملتوی کر کے واپس آئیں۔ اپوزیشن  لیڈر کا کہنا تھا کہ یہ لندن گھومنے کا وقت نہیں وزیراعظم جراتمندانہ قدم اٹھائیں اور اس معاملے پر قومی قیادت کو اکٹھا  کریں۔