Friday, May 10, 2024

پی ٹی آئی رہنما علیم خان کے ریمانڈ میں دس روز کی توسیع

پی ٹی آئی رہنما علیم خان کے ریمانڈ میں دس روز کی توسیع
February 15, 2019
 لاہور (92 نیوز) پی ٹی آئی رہنما علیم خان کے ریمانڈ میں دس روز کی توسیع کر دی گئی۔ احتساب عدالت نے علیم خان کا دس روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی علیم خان کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ۔ نیب کے وکیل نے عدالت سے علیم خان کے پندرہ روزہ مزید ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نےاستفسار کیا سب سے پہلے یہ بتائیں پچھلے نو روزہ ریمانڈ میں نیب نے کیا تفتیش کی ہے؟۔ نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ اکتیس گواہ بلائے گئے تھے لیکن ابھی صرف سات گواہ پیش ہوئے، علیم خان تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا علیم خان دو ہزار میں سیکرٹری کوآپریٹو رہے اور اسکے بعد وہ دو ہزار تین سے دو ہزار سات تک رکن اسمبلی اور وزیر رہے۔ ملزم نے اسی دوران نو سو کنال زمین خریدی جبکہ لندن اور دبئی میں پنتیس آف شور کمپنیاں بنائیں۔ لندن والی کمپنی تین لاکھ پاونڈ میں بنائی لیکن اسے ظاہر نہیں کیا گیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ دبئی والی جایئداد کیسے مان لیں کہ علیم خان کی ہے؟۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا علیم خان اس جایئداد کو مانتے ہیں لیکن اسکے کاغذات فراہم نہیں کر رہے۔ علیم خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم نے نیب کو تمام دستاویزات فراہم کی ہیں ، نو سو کینال زمین میں علیم خان صرف پچاس فیصد کے مالک ہیں۔ احتساب عدالت نے علیم خان کا مزید دس روزہ جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے انہیں نیب کے حوالے کر دیا ۔