Saturday, April 27, 2024

پی ٹی آئی رہنما سبطین خان دس روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

پی ٹی آئی رہنما سبطین خان دس روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے
June 15, 2019

 لاہور (92 نیوز) احتساب عدالت لاہور نے پی ٹی آئی کے رہنما سبطین خان کو دس روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

 احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج وسیم اختر نے غیرقانونی ٹھیکوں کے الزام میں گرفتار صوبائی وزیر سبطین خان کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق کیس درخواست کی سماعت کی۔

 نیب کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سبطین خان پنجاب منرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین بھی تھے، ملزم نے غیرقانونی طور پر جوائنٹ وینچر کی منظوری دی۔

 نیب کے وکیل نے ملزم کے چودہ روزہ ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ میسرزارتھ ریسورسز کمپنی رجسٹرڈ نہیں تھی، اس کمپنی کا کوئی رجسٹرڈ دفتر بھی موجود نہیں۔

 پنجاب منرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیساتھ ارتھ ریسورسز کمپنی کا جوائنٹ وینچر کیا گیا۔ وکیل نیب نے کہا کہ کمپنی کا کل سرمایہ پچیس لاکھ تھا جس کی دستاویزات جعلی تھیں۔

سبطین خان کے وکیل کا مؤقف تھا کہ نیب مکمل سچ نہیں بول رہی، جوائنٹ وینچر کی.منظوری وزیراعلیٰ نے دی مگر نیب نے اور کسی کو گرفتار نہیں کیا۔

 نیب نے جو انکوائری کی اس کے حقائق بھی عدالت کو نہیں بتائے، نیب کی رپورٹ کے مطابق قومی خزانے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ کوئی جرم نہیں ہوا اس لیے انکوائری ختم کر دی گئی۔

 انکوائری ختم ہونے کے پانچ سال بعد سبطین خان بغیر نوٹس رات کے اندھیرے میں اٹھا لیا گیا۔

 عدالت نے دلائل سننے کے بعد سبطین خان کو دس روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ عدالت نے ملزم کو پچیس جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔