Thursday, April 25, 2024

پی ٹی آئی خواتین رہنمائوں کی چیئرمین عمران خان کو ای میل، بدسلوکی کا ذمہ دار سکیورٹی پر مامور پارٹی قائدین کو قرار دیدیا

پی ٹی آئی خواتین رہنمائوں کی چیئرمین عمران خان کو ای میل، بدسلوکی کا ذمہ دار سکیورٹی پر مامور پارٹی قائدین کو قرار دیدیا
May 5, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی خواتین رہنماؤں نے لاہور کے جلسے میں ہونے والی بدسلوکی کا ذمہ دار پولیس کے ساتھ ساتھ خواتین کی سکیورٹی پر مامور پارٹی قائدین کو قرار دے دیا ہے۔ تحریک انصاف کی خواتین رہنماؤں نے پارٹی چیئرمین عمران خان کو ای میل کرکے حقائق سے آگاہ کر دیا ہے۔ نائنٹی ٹو نیوز کو ایک ای میل موصول ہوئی ہے جو پارٹی قائدین کی خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات پر تبادلہ خیال سے متعلق ہے۔ ذرائع کے مطابق ای میلز عمران خان کو بھی بھیجی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے یقیناً اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔ مسلم لیگ نون نے بھی سازش کے تحت اپنے غنڈے بھیجے لیکن ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ جو پارٹی قائدین خواتین انکلوژر کی حفاظت پر مامور تھے انہوں نے بھی اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی اور اسٹیج پر بیٹھنے کی بیماری اسی طرح کے واقعات کی ایک بڑی وجہ ہے۔ دوسری جانب سامنے آنے والے حقائق سے ان الزامات کی تصدیق ہوتی ہے۔۔۔ تحریک انصاف کی رہنما سعدیہ سہیل کو خواتین انکلوژر کی سکیورٹی کا انچارج بنایا گیا تھا لیکن وہ جلسے کے آغاز سے اختتام تک اسٹیج پر ہی بیٹھی رہیں۔ سکیورٹی پر مامور دوسرے رہنما حافظ فرحت عباس بھی کچھ دیر خواتین انکلوژر میں رہے اور اس کے بعد اسٹیج پر چلے گئے۔ ثانیہ کامران کی ذمہ داری خواتین انکلوژر میں پینے کاپانی فراہم کرنا تھا لیکن وہ بھی اپنی ذمہ داری ادا کرتی نظر نہ آئیں۔ یہی وجہ ہے کہ جلسے کے اختتام پر انکلوژر کے خارجی راستے پر خواتین بدسلوکی کا نشانہ بنیں اور ذمہ داروں میں ان کا تحفظ کرنے والا کوئی بھی نظر نہ آیا۔