Friday, April 19, 2024

پی ٹی آئی حکومت کے سات ماہ میں مہنگائی 3.57 فیصد بڑھ گئی

پی ٹی آئی حکومت کے سات ماہ میں مہنگائی 3.57 فیصد بڑھ گئی
April 3, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) پی ٹی آئی حکومت کے سات ماہ میں مہنگائی 3.57 فیصد بڑھ گئی۔ اگست 2018 تا مارچ2019 میں کئی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

 تفصیلات کے مطابق گھی ،دالیں چاول، سبزیاں گوشت سب کچھ مہنگا ہو گیا۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں جس سے عوام پریشان نظر آنے لگی۔

 اگست 2018 میں مہنگائی کی شرح 5.84 فیصد تھی جو مارچ 2019 میں بڑھ کر 9.41 فیصد ہو گئی۔ دستاویز کے مطابق ساڑھے 7 ماہ  کے دوران 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 9 روپے ، باسمتی چاول 3 روپے ،دال مسور 8 روپے، دال مونگ 23 روپے ، دال ماش 6 روپے، دال چنا 9 روپے فی کلو گرام مہنگی ہوئی جبکہ ایک کلو گرام چینی میں 6 روپے اضافہ ہوا۔

 گائے کا گوشت 28 روپے ، بکرے کا گوشت 40 روپے ، زندہ مرغی برائلر 56 روپے فی کلو گرام مہنگی ہوئی جبکہ انڈے 5 روپے فی درجن مہنگے ہوئے۔ اڑھائی کلو گرام کوکنگ آئل کی قیمت میں 36 روپے اور اڑھائی کلو بناسپتی گھی کی قیمت میں 20 روپے اضافہ ہوا۔ اگست تا مارچ کے دوران ٹماٹر 33 روپے ، لہسن 57 روپے، دودھ اور دہی 2,2 روپے  فی کلو گرام مہنگا ہوا جبکہ 200 گرام چائے 17 روپے مہنگی ہو گئی۔

 50 کلو گرام سیمنٹ کی بوری 21 روپے ، سیگریٹس 8 روپے ، سی این جی 9 روپے فی کلو گرام مہنگی ہوئی۔