Sunday, September 8, 2024

پی ٹی آئی حکومت کے آٹھ ماہ میں چھ وفاقی وصوبائی وزرا اور مشیروں کی چھٹی ہو چکی

پی ٹی آئی حکومت کے آٹھ ماہ میں چھ وفاقی وصوبائی وزرا اور مشیروں کی چھٹی ہو چکی
April 18, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) تحریک انصاف کا تبدیلی کا نعرہ صرف وزرا اورپنجاب کے آئی جیز کی تبدیلی تک محدود ہو کر رہ گیا،آٹھ ماہ میں چھ وفاقی وصوبائی وزرا اور مشیروں کی چھٹی ہوچکی ہے۔

 کپتان کے اوپنر بلے باز وزیرخزانہ اسدعمر آٹھ ماہ بعد ہی پویلین لوٹ گئے۔ ملک میں بڑھتی مہنگائی اور گرتی معاشی صورتحال کے باعث اسدعمر مسلسل تنقید کی زد میں تھے۔

 وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں پہلا استعفیٰ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے دیا۔ نندی پور پاور پراجیکٹ میں بطور سابق وزیر قانون کرپشن ریفرنس دائر ہونے پر بابر اعوان ستمبر دوہزار اٹھارہ میں مستعفی ہوئے۔

 اسلام آباد میں غریب خاندان کے ساتھ تنازع وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی کو لے ڈوبا۔ معاملہ سپریم کورٹ پہنچنے پر اعظم سواتی کو دسمبر دو ہزار اٹھارہ میں وزارت چھوڑنی پڑی۔

 کپتان کے قریبی ساتھی اور پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نیب کے ریڈار پر آئے۔ گرفتار ہونے کے بعد وزارت سے مستعفی ہو گئے۔

 فیاض الحسن چوہان کو اقلیتی برادری کے خلاف متنازعہ  بیان مہنگا پڑا اور وزیر اطلاعات پنجاب کے عہدے سے  ہاتھ دھونا پڑ گیا۔

 پی ٹی آئی حکومت نے پنجاب پولیس سے سیاسی مداخلت کے خاتمے کےلیے سابق آئی جی کے پی کے ناصردرانی کو پولیس ریفارمز کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا۔ ناصر درانی نے بھی استعفیٰ دے کر گھر کی راہ لی۔

 تحریک انصاف کی حکومت آٹھ ماہ کے دوران پنجاب میں تین آئی جیز بھی تبدیل کرچکی ۔ایک طرف وزرا کابینہ سے باہر ہو رہے ہیں تو دوسری طرف بڑھتی مہنگائی اور تباہ حال  معیشت حکومت کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔