Friday, May 10, 2024

پی ٹی آئی جھنڈے کے رنگ میں صحت کارڈ کی تشہیر کیخلاف ن لیگ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

پی ٹی آئی جھنڈے کے رنگ میں صحت کارڈ کی تشہیر کیخلاف  ن لیگ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
August 19, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پی ٹی آئی جھنڈے کے رنگ میں صحت کارڈ کی تشہیر کےخلاف ن لیگ کی درخواست پر  اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ نے وفاق کی جانب سے جواب جمع کرایا ، چیف جسٹس نے کہا کہ آپ صحت انصاف کارڈ دکھائیں ، یہی تو تشہیر ہے اور آپ سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کررہے ہیں ،جس چیز کا آپ دفاع نہیں کرسکتے اسکا دفاع نہ کریں ، یہ غیر ارادی طور پر نہیں کیا گیا۔سپریم کورٹ نے واضح کہا کہ پبلک فنڈ سے سیاسی تشہیر نہیں کی جاسکتی ۔

عدالتی استفسار پر وزارت صحت کے وکیل نے بتایا کہ یہ وفاقی حکومت کی اسکیم ہے اور اسے وزارت صحت دیکھتی ہے ، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اگر کارڈ پر رنگ دینا تھا تو کیا وفاقی کابینہ کے سامنے یہ معاملہ رکھا ، وزارت صحت کے مطابق وزیر نے یہ خلاف ورزی کی۔

عدالت نے سوال اٹھایا کہ باہر کی دنیا میں کیا ایسا ہوتا ہے برطانیہ اور امریکہ میں کیا حکمران تشہیرکےلیے تصویریں لگاتے ہیں ، کیا ڈونلڈ ٹرمپ اور بورس جانسن کی تصویر کی تشہیرہوتی ہے، عدالت عالیہ نے ن لیگ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔