Sunday, May 19, 2024

پی ٹی آئی جلسہ میں شرکت کیلئے قائدین کی قیادت میں قافلے روانہ

پی ٹی آئی جلسہ میں شرکت کیلئے قائدین کی قیادت میں قافلے روانہ
April 24, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے یوم تاسیس پر ہونے والے جلسے میں شرکت کے لیے لاہور میں دو مقامات پر قافلے جمع ہوئے اور قائدین کی قیادت میں براستہ موٹروے روانہ ہوئے۔ تحریک انصاف کے بیسویں یوم تاسیس پر آج اسلام آباد میں ہونے والے جلسے میں شرکت کے لیے ملک بھر کی طرح لاہور سے بھی کارکنوں کے قافلے روانہ ہوئے۔ قذافی اسٹیڈیم اور ناصر باغ میں جمع ہونے والے کارکن ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے اور پارٹی کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ کئی منچلوں نے توعمران خان کی تصاویر والے لباس زیب تن کرتے ہوئے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔ کارکنوں کا کہنا تھا کہ ان کے جذبے ہمیشہ سے جواں ہیں، ان کے قائد نے جب بھی بلایا وہ دیوانہ وار آئے ہیں۔ ناصر باغ میں پارٹی رہنما شفقت محمود، سعدیہ سہیل اور ولید اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی ہے اور اسلام آباد کا جلسہ تاریخی ہو گا۔ چودھری سرور کا کہنا تھا کہ آج کا جلسہ حکومت کے لیے پیغام ہو گا جس میں عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بتائیں گے۔ چودھری سرور، شفقت محمود اور جہانگیر ترین کی قیادت میں لاہور سے جانے والے قافلے میں موٹروے پر دیگر شہروں کے کارکن بھی شامل ہوتے رہے۔