Monday, September 16, 2024

پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی نے ایمنسٹی اسکیم مسترد کر دی

پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی نے ایمنسٹی اسکیم مسترد کر دی
April 5, 2018
اسلام آباد( 92نیوز ) پاکستان  تحریک انصاف اور پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومتی ایمنسٹی اسکیم مسترد کردی، عمران خان نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم کالا دھن سفید کرنے کیلئے ہے ،ایسی اسکیم سے صرف چوروں لٹیروں کو فائدہ ہوتا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رضا ربانی نے کہا کہ ایسی اسکیمیں امیروں کیلئے غیر قانونی طریقوں سے دولت کمانے کا لائسنس ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ 2018میں اقتدار میں آ کر اسکیم کو ختم کر دیں گے، انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ الیکشن سے ڈیڑھ ماہ قبل اسکیم  کا کیا مقصد ہے؟۔ دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ   حکومتی کالادھن صاف کرنے کی ایمنسٹی اسکیم کی مذمت کرتے ہیں ، ایسی اسکیمیں امیروں کیلئے غیرقانونی طریقوں سے دولت کمانے کا لائسنس ہیں، سینیٹ میں بھی ایمنسٹی اسکیم کی مخالفت کریں گے رضا ربانی نے مزید کہا کہ حکومت کی تمام تر اقتصادی پالیسیاں بگ بزنس کیلئے ترتیب دی گئی ہیں ۔اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی خورشید شاہ نے سوال کیاکہ الیکشن قریب آتے ہی سب کچھ یاد کیوں آیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان  نے کہا کہ یہ اسکیم نواز شریف کے بچوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے لائی جا رہی ہے، نوازشریف کے دونوں بیٹے پراپرٹی کا کام کرتے ہیں اور وہ سیاست میں بھی نہیں ہیں ۔ بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ یہ آف شور کمپنیاں رکھنے والے کو دانا ڈالاجا رہا ہے، قانون اجازت نہیں دیتاالیکشن سے کچھ ہفتے قبل کوئی پالیسی تبدیل کی جائے۔