Wednesday, April 24, 2024

پی سی ہوٹل میں چیک ری پبلک کا شہری پرسرار طور پر ہلاک

پی سی ہوٹل میں چیک ری پبلک کا شہری پرسرار طور پر ہلاک
November 16, 2017

لاہور ( 92 نیوز ) لاہور کے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں چیک ری پبلک کے شہری کی پراسرار موت ہو گئی ۔ بھکھی پاورپلانٹ میں کام کرنے والے 57 سالہ میروسلوف کی لاش ایسی جگہ سے ملی جہاں سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں تھے ۔ پی سی ہوٹل کی سیڑھیاں بھی غیر محفوظ ہیں ۔92نیوز نے موبائل فوٹیج حاصل کرلی۔
کہنے کو تو پرل کانٹی نینٹل ہوٹل لاہور فائیو اسٹار ہوٹل ہونے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن حالت یہ ہے کہ غیر ملکی مہمانوں کی جانیں بھی یہاں محفوظ نہیں ہیں ۔ چیک ری پبلک کے شہری راسکا میروسلوف کی لاش ہوٹل کی سیڑھیوں کے قریب سے ملی تو انتظامیہ نے معاملہ دبانے کی کوشش کی تاہم 92نیوز واقعے کے حقائق اور فوٹیج ناظرین کے سامنے لے آیا۔


ہلاک ہونے والا غیر ملکی شہری جنرل الیکٹرک کمپنی کی جانب سے بھکھی پاور پلانٹ پر کام کر رہا تھا ۔
ریس کورس پولیس نے مرنے والے غیر ملکی شہری کی لاش مردہ خانے منتقل کرکے ہوٹل ملازمین کو تفتیش کے لیے طلب تو کر لیا ہے لیکن پی سی ہوٹل کے سیکیورٹی سسٹم پر سوالیہ نشان اب بھی باقی ہیں۔
یہ امر حیران کن بھی ہے اور تشویش ناک بھی کہ جہاں غیرملکی شہری کی لاش پائی گئی وہاں سکیورٹی کیمروں کا نام و نشان تک نہیں؟ ۔
مرنے والا غیر ملکی شہری پی سی ہوٹل کے کمرہ نمبر 608 میں رہتا تھا ۔ لیکن چھٹی منزل تک جانے والی ہنگامی سیڑھیاں انتہائی غیر محفوظ ہیں۔
غیر ملکی شہری کو آج ہوٹل سے چیک آؤٹ کرنا تھا لیکن اس سے پہلے ہی پراسرار حالات میں اس کی موت ہو گئی ۔
انتظامیہ کے مطابق ہلاک ہونے والا غیر ملکی شراب کے نشے میں دھت تھا لیکن سوال یہ ہےکہ اُسے زیادہ نشہ کرنے سے کسی ساتھی نے بھی کیوں نہ روکا ۔


گزشتہ برس بھی ایک خاتون اپنے پرس میں پستول رکھ کر ہوٹل میں داخل ہوئی اور باتھ روم میں خودکشی کر لی تھی ۔ جس پر پرل کانٹی نینٹل ہوٹل انتظامیہ کے خلاف مقدمہ بھی درج ہوا لیکن حالیہ واقعے سے ظاہرہوتا ہےکہ ہوٹل انتظامیہ سیکیورٹی کے معاملے میں کس قدر غیر سنجیدہ ہے۔