Thursday, March 28, 2024

پی سی بی ہیڈآفس کو لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست مسترد

پی سی بی ہیڈآفس کو لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست مسترد
July 9, 2015
اسلام آباد(92نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے پی سی بی ہیڈ آفس لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ کا کہنا ہے کہ کالا باغ ڈیم پر مشترکہ مفادات کونسل میں فیصلہ کرنے کی سمری وزیر اعظم کو بھجوائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس چیئرمین میر کبیر احمد کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اعجاز چوہدری کی کمیٹٰی کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ کالا باغ ڈیم پر ابھی تک مشترکہ مفادات کونسل میں کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا، عدالت نے حکم  دیا ہے کہ کالا باغ ڈیم پر فیصلہ کر کے جواب دیں، جس پر فیصلے کے حوالے سے سمری وزیراعظم کو بھجوائی ہے۔ اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ مردم شماری مارچ 2016 تک مکمل ہو جائے گی، صوبے مردم شماری کے لیے ڈویژبل پول سے پیسے دیں گے، انہوں نے کہا کہ فرد واحد کے کہنے پر کسی آفس کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل نہیں کیا جانا چاہیے۔ قائمہ کمیٹی نے پی سی بی آفس لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 ماہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اس وقت پی سی بی میں کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 50 ہزار یوتھ کو ٹریننگ دینے کے لیے پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت انٹرنز کو 12 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔