Thursday, March 28, 2024

پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کا بورڈ اور احسان مانی سے معافی کا مطالبہ

پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کا بورڈ اور احسان مانی سے معافی کا مطالبہ
October 29, 2018
کراچی (92 نیوز) پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے پی سی بی کو قانونی نوٹس بھجوا دیا جس میں بورڈ اور احسان مانی سے معافی اور اخراجات چارٹ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے پی سی بی کی جانب سے اخراجات اور پی ایس ایل الاؤنس لینے کے الزامات کو مسترد کر دیا۔ نوٹس میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر تکلیف دی جارہی ہے۔ پی سی بی کی ویب سائٹ پر اخراجات کا غلط چارٹ فوری ہٹایا جائے۔ سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا چارٹ میں اخراجات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔ قانونی نوٹس میں کہا گیا کہ چارٹ میں شہریار خان کا 2014 سے 2017 تک ریکارڈ درج نہیں جبکہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے ارکان سبحان احمد اور بدر منظور کی تفصیلات بھی چھپائی گئی ہیں ۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا اگر معافی نہ مانگی گئی اور چارٹ نہ ہٹایا گیا تو احسان مانی قانونی کارروائی کیلئے تیار رہیں۔