Saturday, May 4, 2024

پی سی بی کے تین اہم عہدیدار ملازمت سے سبکدوش

پی سی بی کے تین اہم عہدیدار ملازمت سے سبکدوش
May 31, 2020

لاہور ( 92 نیوز) کئی برس تک پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی خدمت کرنے والے  پی سی بی کے تین اہم عہدیدار ڈائریکٹراکیڈمیز مدثرنذر،ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز ہارون الرشید اور چیف کیوریٹر آغازاہد ملازمتوں سے سبکدوش ہوگئے ،پی سی بی نے تینوں کوخراج تحسین پیش کیا۔

پی سی بی  کی ری اسٹرکچرنگ شروع کر دی گئی ، سبکدوش ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر کاکہنا ہے وہ دن دور نہیں جب پاکستان کو کسی بھی لیول پر غیر ملکی کوچز کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔

اپنے وقت کے اسٹائلش بلے باز مدثر نذر نے 2016میں ڈائریکٹر اکیڈمیز کا عہدہ سنبھالا ، گزشتہ برس انکی ملازمت میں ایک برس کی توسیع کی گئی تھی ۔ مدثر نذر کاکہنا تھا نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے تربیت یافتہ  شاہین شاہ آفریدی،نسیم شاہ،محمد حسنین،روحیل نذیر،محمد موسیٰ اورحیدرعلی جیسے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بنے ۔

ہارون الرشید 2017سے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اور آغا زاہد   2001سے بطور چیف کیوریٹر ذمہ داریاں نبھا رہے تھے،‏پاکستان کرکٹ بورڈ نے ری اسٹرکچرنگ کرتے ہو ئے  نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو ہائی پرفارمنس سنٹر میں تبدیل کرکے ندیم خان کو ڈائریکٹر،گرانٹ بریڈ برن کو  ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ اور ثقلین مشتاق کو ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلپمنٹ مقرر کیا۔