Sunday, May 5, 2024

پی سی بی کا ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز سری لنکا میں کھیلنے پر غور

پی سی بی کا ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز سری لنکا میں کھیلنے پر غور
May 12, 2016
لاہور(92نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ اس سال اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی ہوم سیریز سری لنکا میں کھیلنے کے بارے میں غور کررہا ہے۔اس کا سبب متحدہ عرب امارات میں بڑے پیمانے پر اخراجات بتائے گئے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا سلسلہ منقطع ہونے کے بعد سے پاکستان اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلتا آرہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو بہت زیادہ اخراجات کا سامنا رہتا ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اگر  ہوم سیریز میں بھی کچھ آمدنی نہ ہو تو اس کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ کسی دوسرے ملک کی ہوم سیریز کھیلنے سے اسے کوئی آمدنی نہیں ہوتی لہذا پاکستان کرکٹ بورڈ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سری لنکا میں کھیلنے کے بارے میں ورک کررہا ہے۔سنہ 2002 میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کا بھی ایک ٹیسٹ کولمبو میں کھیلا گیا تھا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اگلی پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہوجائے اس ضمن میں کرکٹرز سے معاہدے کرتے وقت کھلاڑیوں سے بھی بات کی جائے گی۔ نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم کی شمولیت کے بارے میں کہا کہ معاہدے کی رو سے پاکستان سپر لیگ میں ٹیم کا اضافہ تیسرے سال ہونا ہے تاہم  کوشش کر رہے ہیں کہ چھٹی ٹیم کو دوسرے سال ہی شامل کرلیا جائے مگر اس سے اخراجات میں اضافے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اس معاملے پر کوئی بھی فیصلہ پانچوں فرنچائزز کو اعتماد میں لے کر ہی کیا جائے گا۔