Saturday, April 20, 2024

پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹر اسٹرکچر20-2019 کی رونمائی

پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹر اسٹرکچر20-2019 کی رونمائی
August 31, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹر اسٹرکچر20-2019 کی رونمائی کردی گئی،16 ریجنز کو 6 ایسوسی ایشنز میں ضم کردیا جبکہ نیا ڈومیسٹک تین درجات میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پی سی بی نے نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر 20-2019  پیش کردیا ، نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کی تقریب  قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوئی جس میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی، چیف ایگزیکیٹیو وسیم خان اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید نے شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے حوالے سے بریفنگ دی ، ان  کا کہنا تھا کہ  16 ریجنز کو چھ ایسوسی ایشنز میں ضم کردیا گیا ہے، پہلے درجے میں 90 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز اسکول اور کلب کرکٹ مقابلوں کا انعقاد کریں گی جبکہ   دوسرے درجے میں سٹی کرکٹ ٹیمیں انٹرا سٹی مقابلوں میں شرکت کریں گی۔ تیسرے درجے میں چھ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں پی سی بی کے زیر اہتمام ٹورنامنٹس میں شرکت کریں گی ، نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے مطابق ہر ایسوسی ایشن 32 کھلاڑیوں کو سالانہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ دے گی۔ ہر کھلاڑی پچاس ہزار ماہانہ معاوضہ لے گاج بکہ یہ کھلاڑی پی سی بی کے سنٹرل کنٹریکٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ڈومیسٹک کرکٹ شیڈول کے مطابق قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس میچز 14 ستمبر سےا 8 اکتوبر اور 28 اکتوبر سے 13 دسمبر تک جاری رہیں گے۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ یکم اکتوبر سے بارہ نومبر تک جاری رہے گا ، قومی ٹی 20 کپ 13 سے 24 اکتوبر تک کھیلا جائے گا، پاکستان کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ کے میچز 29 مارچ سے 24 اپریل 2020تک جاری رہیں گے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی کے مطابق مجموعی طور پر 450 کھلاڑی،کوچز اور دیگر اسٹاف ممبران اس ڈومیسٹک اسٹرکچر میں شرکت کریں گے۔ چیئرمیں پی سی بی کا کہنا تھا نئے ڈومیسٹک کرکٹ کے نفاذ سے قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی میں تسلسل آئے گا۔