Sunday, September 8, 2024

پی سی بی نے یاسر شاہ کی معطلی کے خلاف اپیلٹ ٹربیونل تشکیل دینے کی درخواست کر دی

پی سی بی نے یاسر شاہ کی معطلی کے خلاف اپیلٹ ٹربیونل تشکیل دینے کی درخواست کر دی
January 10, 2016
لاہور(92نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ اسپنر یاسرشاہ کو معطل کرنے کے آئی سی سی کے فیصلے سے اختلاف کردیا پی سی بی نے کرکٹ کی عالمی باڈی سے اس معاملے پر ایپلٹ ٹربیونل تشکیل دینے کی درخواست کر دی۔ تفصیلات کےمطابق پی سی بی نے اپنے قانونی مشیروں اور میڈیکل پینل سے رائے لینے کے بعد آئی سی سی کو اپیل کی ہے کہ لیگ اسپنر کے معاملے پر ایپلٹ ٹربیونل تشکیل دیا جائے۔ درخواست پر غور کرنے کے بعدآئی سی سی ایپلٹ ٹربیونل تشکیل دے کر پی سی بی کو آگاہ کرے گی جس کے بعد ہی پاکستان کرکٹ بورڈ یاسر شاہ کی معطلی کے فیصلے کیخلاف اپنے دلائل دے گا۔ ذرائع کے مطابق بورڈ اپنے قانونی مشیروں کی مدد سے یاسر شاہ کی معطلی کے خلاف بھرپور کیس لڑے گا اور لیگ اسپنر کا مکمل دفاع کیا جائے گا۔ پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یاسر شاہ نے غلطی سے اپنی بیوی کی بلڈ پریشر کی دوا استعمال کی تھی جس کی وجہ سے ان کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا، اس لئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل یاسر شاہ کے ساتھ نرمی برتے۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ان پر ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کررکھی ہے۔