Wednesday, April 24, 2024

پی سی بی نے سال 2019 کیلئے چار اہداف مقرر کر کے حاصل کئے ، احسان مانی

پی سی بی نے سال 2019 کیلئے چار اہداف مقرر کر کے حاصل کئے ، احسان مانی
December 31, 2019
لاہور ( 92 نیوز) چیئرمین پی سی بی  احسان مانی نے کہا کہ  سال 2019  کے آغاز پر چار اہداف مقرر کئے تھے جنہیں مکمل طور پر حاصل کر لیا  گیا تاہم سری لنکا کو دورہ پاکستان پر آمداہ کرنا سب سے بڑا چیلنج تھا ۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کاکہنا ہےکہ رواں سال کے آغاز میں انہوں نے اپنے لیےچار اہداف مقرر کیےتھے جنہیں سال کے اختتام پر مکمل طور پر حاصل کرلیاگیا، انہوں نے کہاکہ یہ اہداف آئین میں اصلاحات لانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننس اسٹرکچرکو شفاف بنانےاورکارپوریٹ اسٹرکچر کو فروغ دیتے ہوئےملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل  بحالی کو ممکن بنانے پر مشتمل تھے۔ چیئرمین پی سی بی نے  کہاکہ  شائقین کرکٹ کوایک کامیاب قائداعظم ٹرافی دیکھنے کوملی ، ڈومیسٹک اسٹرکچر میں کی گئی چندتبدیلیاں قومی کرکٹ کے لئے مفید ثابت ہوئیں، نئے ڈومیسٹک  اسٹرکچر کے باعث ڈومیسٹک کرکٹ کے مقابلے چوتھے دن تک پہنچے، اسی طرح پیسرز کی اضافی مدد کا سلسلہ ختم ہواجس سے میچ کے دوران اسپنرز کے کردار میں اضافہ ہوا  جومستقبل میں قومی کرکٹ ٹیم کے کام آئےگا۔ چیئرمین پی سی بی نے  کہاکہ دنیائے کرکٹ میں پاکستان کے  کردار کو اہمیت دی جارہی ہے جس کا ثبوت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی پانچ اہم ترین کمیٹیوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے نمائندگان کی شمولیت ہے۔ سری لنکا کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے لیے راضی کرنا ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج تھا۔ انہوں نے کہاکہ مہمان بورڈ نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے پہلے محدود اوورز کی کرکٹ کھیلنے پر رضامندی ظاہرکی تاہم سری لنکا کرکٹ ٹیم کودوٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان لانا رواں سال ان کی  سب سے  بڑی کامیابی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی آمد سے دنیا کو ایک واضح پیغام پہنچا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کے انعقاد کے لیے ایک پر امن اور محفوظ ملک ہے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے  کہاکہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو مزید مؤثر ادارہ بنانا چاہتے ہیں، پی سی بی میں شفافیت اور احتساب کے عمل کو فروغ دینے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھایں گے،ہمیں بہترین نتائج دینے کے لیے کارکردگی میں تسلسل لانے کی ضرورت ہے،سب سے خوش آئند بات یہ ہےکہ نوجوان قومی کرکٹرز بہت باصلاحیت  ہیں اور یہی ہمارےمستقبل کا روشن اثاثہ ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ  سال 2019 قومی کرکٹ کی تاریخ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ،اس سال کا اختتام ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی سےہوا  ، دسمبر میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی اور دوسرا کراچی میں کھیلا گیا،  اس سے قبل رواں سال مارچ میں کراچی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 8میچوں کی میزبانی کی۔ احسان مانی نے کہا کہ  اسی  طرح ستمبر اور اکتوبر میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ سیریز کراچی جبکہ ٹی 20 سیریز لاہور میں کھیلی گئی ،  اس دوران نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے ذریعے معیاری کرکٹ کو فروغ دینے کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک شفاف کارپوریٹ ادارہ بنانے کے لیے بھی کئی اہم اقدامات اٹھائے گئے ۔ احسان مانی نے کہا کہ  قومی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں چار ٹیسٹ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم قومی ٹیسٹ ٹیم نے سال 9102کااختتام سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں فتح سمیٹ کرکیا ۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019 کی رنر اپ ٹیم نیوزی لینڈ سے پوائنٹس برابر کرنے کے باوجود قومی کرکٹ ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہ کرسکی۔ چیئرمین پی سی بی  نے کہا کہ رواں سال قومی ایمرجنگ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل دیکھا گیا ،  قومی انڈر 20 ٹیم نے سری لنکا اور جنوبی افریقہ میں سیریز جیتیں جبکہ قومی ایمرجنگ ٹیم ، بنگلہ دیش میں کھیلے گئے اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کی فاتح بننے میں کامیاب رہی۔ انگلینڈ کے خلاف سیریزمیں شکست کا سامنا کرنے والی قومی خواتین کرکٹ ٹیم ،جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز  میں متاثر کن کھیل کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی ، چیف ایگزیکٹووسیم خان اورسینئر لیگل کونسل بیرسٹر سلمان نصیر کو رواں سال انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی پانچ اہم کمیٹیوں میں شامل کیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کا نفاذ اور ادارے میں شفافیت کو فروغ دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کے اخراجات کی تمام تر تفصیلات کو عوام کے  لیے متواتر ویب سائٹ پر شائع کرنا،انتظامی اعتبارسے رواں سال پاکستان کرکٹ بورڈ کی بڑی کامیابی ہے۔