Thursday, April 25, 2024

پی سی بی نے جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا

پی سی بی نے جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا
December 9, 2020

لاہور (92 نیوز) پی سی بی نے جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا۔ دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی کھیلنے مہمان ٹیم سولہ جنوری کو پاکستان پہنچے گی۔

جنوبی افریقہ 2007 کے بعد پہلی بار دورہ پاکستان کیلئے رضامند ہو گئی۔ پی سی بی نے پروٹیز کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا جہاں وہ 2 ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی ۔ 16جنوری 2021 کو مہمان ٹیم کراچی پہنچ کر قرنطینہ ہو جائے گی۔

پاک پروٹیز پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک کراچی ، دوسرا ٹیسٹ میچ 4 سے 8 فروری تک راولپنڈی میں ہو گا۔ سیریز کے دونوں میچ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔

پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 11 فروری، دوسرا 13 اور تیسرا 14 فروری کو ہو گا۔ تینوں میچز کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم لاہور کرے گا۔

ڈائریکٹر کرکٹ ساؤتھ افریقہ گریم اسمتھ کا کہنا ہے وہ بطور کرکٹر کئی بار پاکستان آچکے ہیں۔ پاکستانی عوام کی کرکٹ سے محبت بارے بخوبی جانتا ہوں ۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان نے کہا پاکستان اور جنوبی افریقہ اسکواڈ کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم بھی خوش ہیں۔ کہتے ہیں ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کا منتظر ہوں۔