Saturday, April 20, 2024

پی بی 26 کوئٹہ کا الیکشن کالعدم قرار ، حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم

پی بی 26 کوئٹہ کا الیکشن کالعدم قرار ، حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم
November 15, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26  سے  منتخب رکن احمد علی کی افغان شہریت ثابت ہو گئی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقہ میں انتخاب  کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 سے افغان شہری احمد علی کے منتخب ہونے کے  معاملے کی سماعت الیکشن کمیشن  میں ہوئی۔ ممبر سندھ عبدالغفار سومرو نے کہا  احمد علی کی شہریت سے متعلق نادرا کی رپورٹ موصول ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق احمد علی افغان شہری ہیں۔ حلقہ میں  الیکشن کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔ ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی نے قرار دیا کہ قانون میں ایسی کوئی گنجائش نہیں کہ منتخب امیدوار کی نااہلی کے بعد رنر اپ کو کامیاب قرار دیا جائے۔ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں ملکی تاریخ کا انوکھا واقعہ پیش آیا۔ جب افغان شہری اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے سیکریٹری جنرل احمد علی حلقہ پی بی26 سے کامیاب ہوئے تھے۔