Thursday, May 2, 2024

پی اے سی کی سربراہی نہیں دے سکتے،دودھ کی رکھوالی پربلانہیں بٹھاسکتے،فوادچودھری

پی اے سی کی سربراہی  نہیں دے سکتے،دودھ کی رکھوالی پربلانہیں بٹھاسکتے،فوادچودھری
September 29, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومت نےسینگ پھنسا لئے ، وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پی اے سی کی سربراہی اپوزیشن کو نہیں دے سکتے ، نوازشریف کے منصوبوں کا آڈٹ شہبازشریف کیسے کرسکتے ہیں؟،دودھ کی رکھوالی پر بلا  نہیں بٹھا سکتے تاہم  پارٹی حتمی فیصلہ کرے گی۔ دوسری جانب  اپوزیشن نے پی اے سی کا چیئرمین اپوزیشن سے نہ بنانے پر کمیٹی کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی ۔ حکومت وقت نے بھی معاملے پر سر جوڑ لئے  ، کوئی پارلیمانی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کو ہی پی اے سی کا چیئرمین بنانے کا خواہاں  تو کوئی بھر پور مخالفت پر اتر آیا  جبکہ اپوزیشن نے بھی واضح موقف دے دیا ۔ پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے حوالے سے روایت یہ ہے کہ حکومت وقت اس کا چیئرمین اپوزیشن لیڈر کو ہی مقرر کرتی آئی ہے تاہم پی ٹی آئی کی حکومت تذبذب کا شکار ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر روائت  کو برقرار رکھتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو ہی چیئرمین پی اے سی بنانے پر رضا مند ہیں تاہم دوسری طرف فواد چوہدری اس کے خلاف ہیں ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ دودھ کی رکھوالے پر بلے کو نہیں بیٹھا سکتے تاہم  پارٹی حتمی فیصلہ کرے گی۔  بیوروکریسی کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ بیوروکریسی کی تربیت زرداری اور نواز شریف نے کی ہے ،ہماری بیورو کریسی آئے گی تو سب ٹھیک ہو جائے گا ۔ ادھر اپوزیشن جماعتوں  کا کہنا ہے کہ حکومت نے پی اے سی کی چیئرمین شپ کے حوالے سے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ اپوزیشن سے ہو گا  ،اب اگر یوٹرن لیا گیا تو اپوزیشن جماعتیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا بائیکاٹ کریں گی ۔اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے  ۔