Friday, April 26, 2024

پی این ایس سیف کی پانچویں پاک چین مشترکہ بحری مشقوں میں شرکت

پی این ایس سیف کی  پانچویں پاک چین مشترکہ بحری مشقوں میں شرکت
December 9, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے چین کے شہر شنگھائی میں منعقدہ پانچویں پاک چین بحری مشترکہ مشقوں میں شرکت کی۔ شنگھائی کی بندر گاہ ووسانگ پہنچنے پر چین کی بحریہ کے جہاز جنگ زو(JINGZHO)نے پی این ایس سیف کا خیر مقد م کیا ۔ اس موقع پر ایک پر وقار استقبالیہ کا انعقاد بھی کیا گیا ۔ استقبالیہ میں شنگھائی نیول بیس کے اعلیٰ حکام اور پاکستان کے دفاعی و نیول اتاشی بھی موجود تھے۔


بندرگاہ پر قیام کے دوران پی این ایس سیف کے کمانڈنگ آفیسر نے اعلیٰ عسکری و سول شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن میں شنگھائی کے میئر فین یو فیی (Fan Yufei)اور شنگھائی نیول بیس کے کمانڈر ریئر ایڈمرل وانگ جیان چن شامل تھے ۔ پاک بحریہ کے جہاز پر منعقدہ ضیافت میں چینی حکام نے بھر پور اور گرم جوش انداز سے شرکت کی ۔ چین میں پاکستان کے سفیر مسعو د خالد ،جہاز کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ شریک میزبان تھے ۔ شنگھائی کے سول، سفارتی، عسکری حلقوں کے مہمانوں کی ایک کثیر تعداد نے ضیافت میں شرکت کی۔

پاک بحریہ اور چین کی بحریہ کے درمیان باہمی مشقوں کا آغاز سال2014میں اس وقت ہوا جب شمالی بحیرہ عرب میں پاک بحریہ اور چین کی بحریہ نے افتتاحی مشترکہ بحری مشق کا انعقاد کیا ۔ دوسری مشق 2015میں چین کے مشرقی سمندر میں منعقد کی گئی جبکہ تیسری اور چوتھی مشترکہ بحری مشق سال 2016کے اوائل اور اختتام پر شمالی بحیرہ عرب میں منعقد ہوئی۔


اسی سلسلے کی پانچویں مشق چین کے پانیوں میں منعقد ہوئی ہے جس میں پی ین ایس سیف اور چین کی بحریہ کے صف اوّل کے بحری جنگی جہاز نے زیرِ آب اور فضائی اثاثوں کے ساتھ حصہ لیا ۔ دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ مشقوں کے انعقاد کا مقصد باہمی صلاحیتوں اور پیشہ وارانہ مہارتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ پیشہ وارانہ تجربات سے استفادہ حاصل کرنا ہے۔
پی این ایس سیف کا چین کا حالیہ دورہ اور پاک بحریہ اور چین کی بحریہ کی پانچویں باہمی مشق کا انعقاد جنوبی مغربی ایشیاء اور مشرقِ بعید کی دو اہم بحری افواج کے مابین دوستانہ اور پیشہ وارانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ یہ مشق دونوں ممالک کے میری ٹائم مفادات کو لاحق روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لئے پاک بحریہ اور چین کی بحریہ کی مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں بھی مزید اضافہ کرے گی۔