Friday, April 19, 2024

پی ایم ڈی سی کی بحالی ، اسلام آباد ہائی کورٹ کا ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کا حکم

پی ایم ڈی سی کی بحالی ، اسلام آباد ہائی کورٹ کا ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کا حکم
April 1, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی بحالی سے متعلق کیس میں وفاقی حکومت کو ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کا حکم جاری ہو گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے وفاقی حکومت کو پی ایم ڈی سی ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کا حکم دیا اور قرار دیا کہ وزارت صحت نئے ڈاکڑز اور طالبعلموں کی رجسٹریشن فوری طور پر روک دے۔ رجسٹرار پی ایم ڈی سی عہدے کا چارج سنبھال کر قانون کے مطابق فرائض سرانجام دیں۔ دوسری طرف رجسٹرار پی ایم ڈی سی کو آج بھی اندر جانے کی اجازت نہ ملی۔ رجسٹرار  دو گھنٹے گیٹ ہر ہی انتظار کرتے رہے۔ عدالت اور وزارت کے واضح احکامات کے باوجود انتظامیہ اور گارڈز نے گیٹ نہ کھولا۔ رجسٹرار پی ایم ڈی سی نے ایک مرتبہ پھر عدالت کا دروزاہ کھٹکٹانے کا فیصلہ کر لیا۔ قبل ازیں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی بحالی سے متعلق کیس میں  سیکرٹری صحت اسلام آباد ہائیکورت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے لئے وزارت قانون کو لکھا ہے ، سیکرٹری قانون کراچی کرونا وائرس سے متعلق اجلاس کے باعث مصروف تھے ، عدالتی فیصلے پر ایک ہفتے میں  عملدرآمد یقینی بنائیں گے ۔ جسٹس محسن اختر کیانی کا کہنا تھا کہ قانون پر عملدرآمد نہ ہونے کی ذمہ داری آپ پر عائد ہو گی ، آپ جاکر انہیں بتائیں کہ قانون کیا ہوتا ہے،عدالتی فیصلے کے مطابق کونسل ادارے کو چلائے گی، آپ کو ایک ہفتہ نہیں ، دو ہفتے دیتے ہیں ، عمل کر کے عدالت کو آگاہ کریں ۔