Tuesday, May 21, 2024

پی ایم اے کاکول اکیڈمی میں 138 ویں لانگ کورس پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد

پی ایم اے کاکول اکیڈمی میں 138 ویں لانگ کورس پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد
October 13, 2018
راولپنڈی (92 نیوز) پی ایم اے کاکول اکیڈمی میں 138 ویں لانگ کورس پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ آئی ایس پی آر کےمطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 138 ویں لانگ کورس  کی پاسنگ آوٹ پریڈ ہوئی۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں سفارتکاروں، کیڈٹس کے رشتے داروں ، حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران نے شرکت کی جب کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ اعزازی شمشیر بٹالین سینئر انڈر آفیسر غلام نبی کو دی گئی، صدارتی گولڈ میڈل سینئر انڈر آفیسر محمد بلال کو دیا گیا جب کہ کمپنی جونیئر انڈر آفیسر حمزہ نواز کو بھی چیف آف آرمی اسٹاف میڈل دیا گیا۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں سعودی عرب، نیپال، سری لنکا، فلسطین اور لیبیا کے کے کیڈٹس بھی شامل ہیں۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ ہمارے سپاہیوں نے ہر مشکل صورتحال میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، پاک فوج کے جوان مشکل حالات میں بہترین نتائج دینےکی حوالے سے جانے جاتے ہیں، ایسے غیرمتزلزل سپاہیوں کی کمانڈ لینا آپ کی خوش قسمتی ہے۔