Wednesday, April 24, 2024

پی ایس ایل کے فائنل کے بعد عالمی کرکٹ کی واپسی کی راہ ہموار

پی ایس ایل کے فائنل کے بعد عالمی کرکٹ کی واپسی کی راہ ہموار
March 6, 2017
لاہور(92نیوز)پی ایس ایل کے فائنل کی لاہور میں سیٹی بجتے ہی عالمی کرکٹ کی پاکستان واپسی کے امکانات روشن ہونے لگے۔آئی سی سی نے رواں سال ستمبر میں ورلڈ الیون کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔ چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے بھی تصدیق کر دی ۔ تفصیلات کےمطابق پی ایس ایل فائنل کی کامیابی  سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی  واپسی کی راہ ہموار ہونے لگی ہے۔ برطانوی اخبار دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ الیون لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی جس سے پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔  ورلڈ الیون غیر ملکی کھلاڑیوں پرمشتمل ہو گی جس کا اعلان سترہ ستمبر کو دبئی میں کیا جائے گا ۔  انٹرنیشنل کھلاڑیوں سے مزین ورلڈ الیون لاہور کے قذافی اسٹڈیم میں بائیس ، تیئس، اٹھائیس اور اُنتیس ستمبر کو میچز کھیلے گی۔ جبکہ پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے ٹویٹ پیغام میں ورلڈ الیون کے ستمبر میں  ٹی ٹوینٹی سیریز کے لئے پاکستان آنے کی تصدیق کر دی ہے ۔ اُن کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے فائنل نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھول دیئے ہیں۔ ادھر آئی سی سی کی پاکستان ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی دنیا کو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں مدد کرنی چاہیے۔ دہشت گرد نہیں جیت سکتے اور نہ ہی پاکستان سے کرکٹ چھینی جا سکتی ہے۔