Thursday, May 2, 2024

پی ایس ایل کی اختتامی تقریب، گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا ، پاک فوج کےپیراٹروپرز کی شاندار پرفارمنس

پی ایس ایل کی اختتامی تقریب،  گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا ، پاک فوج کےپیراٹروپرز کی شاندار پرفارمنس
March 5, 2017
  لاہور(92نیوز)پی ایس ایل کے فائنل سے قبل اسٹیڈیم میں اختتامی تقریب سجائی گئی  معروف گلوکار علی عظمت، فرہاد ہمایوں، فاخر اور علی ظفر نے پرفارم کیا اور شائقین کرکٹ کے دل جیت لیئے۔ تفصیلات کےمطابق پی ایس ایل کی رنگا رنگ اختتامی تقریب۔شائقین کرکٹ کا لہو گرمانے کا باعث بن گئی  ایک کے بعد دوسری شاندار پرفارمنس لوگوں کے دل مچل اُٹھے۔ تقریب کا آغا ہوا پاک فوج کے پیراٹروپرز کی شاندار پرفارمنس سے جو فضا سے آئے اور کامیابی کے ساتھ اسٹیڈیم میں لینڈ کیا۔ زندہ قومیں اپنے شہدا کو نہیں بھولا کرتیں اور یہی ہوا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کے نذرانے دینے والوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کے میزبانوں عائشہ عمر اور احمد بٹ نے بھی خوب رنگ جمایا۔ پھر علی ظفر نے اپنا مشہور گیت  سیٹی بجے گی اسٹیج سجے گا سنایا تو پورا اسٹیڈیم جھوم اُٹھا۔ فاخر نے بھی اپنی دلکش آواز سے شائقین کرکٹ کے دل موہ لیئے۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی گراؤنڈ میں آئے تو کرکٹ کے دیوانوں نے اُن کا دیوانہ وار استقبال کیا۔ موسیقار فرہاد ہمایوں نے اپنے گروپ کے ساتھ موسیقی کے سربکھیرے تو سبھی نے اُن کی پرفارمنس کو سراہا۔ پنجاب کی ثقافت کا نمایاں رنگ ڈھول اور ڈھولچی کی پرفارمنس کو دیکھ کر کوئی بھی داد دیئے بغیر نہ رہ سکا۔ ہے جذبہ جنون تو ہمت نہ ہار جی ہاں گلوکار علی عظمت کے بھی کیا کہنے اسٹیج پر آئے اور چھا گئے۔ آخر میں چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے تمام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج دنیا جان گئی ہے پاکستانی پرامن اور تہذیب یافتہ قوم ہیں۔ پی ایس ایل کی اختتامی تقریب کے دوران کھلاڑیوں، شائقین کرکٹ اورانتظامیہ کا جوش جذبہ اپنی انتہاؤں کو چھوتا رہا تقریب میں ثقافت کے رنگ اور امن کی اُمنگ ساتھ ساتھ دکھائی دی۔