Friday, March 29, 2024

پی ایس ایل کا فائنل، کوئٹہ گلیڈی اییئٹرز کی ٹیم کی نیشنل کرکٹ اکیڈ می میں ٹریننگ

پی ایس ایل کا فائنل، کوئٹہ گلیڈی اییئٹرز کی ٹیم کی نیشنل کرکٹ اکیڈ می میں ٹریننگ
March 4, 2017
لاہور(92نیوز)پی ایس ایل کا فائنل میچ کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے نیشنل کرکٹ اکیڈ می میں ٹریننگ کی۔ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ کو قذافی سٹیڈیم میں اچھا فائنل دیکھنے کو ملے گا۔۔ تفصیلات کےمطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی ہیڈ کوچ معین خان کے ساتھ سکیورٹی کے حصار میں مقامی ہوٹل سے سہہ پہر تین بجے قذافی سٹیڈیم کے عقب میں واقع نیشنل کرکٹ اکیڈ می پہنچے۔ کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، اسد شفیق، احمد شہزاد، محمد نواز، انور علی، حسن خان،میر حمزہ، ذوالفقار بابر، سعد نسیم، عمر امین اور زخمی عمر گل کی جگہ لینے والے فاسٹ باؤلر اعزاز چیمہ شامل تھے۔ اکیڈمی میں کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ معین خان کی نگرانی میں فٹبال کھیل کر وارم اپ کے بعد  نیٹ پریکٹس کی۔ سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق نے بھی باؤلرز کوبہتر گیند بازی کے گر بتائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی شائقنین کرکٹ کو ایک اچھا فائنل میچ دیکھنے کو ملے گا۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ معین خان نے کہا کہ بڑے کھلاڑیوں کے نہ آنے سے تھوڑی مشکل ہو گی تاہم نئے کھلاڑی بھی اپنی ذمہ داری جانتے ہیں۔ واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے منتخب کئے جانے والے غیر ملکی کھلاڑی آج رات کو لاہور پہنچیں گے۔