Friday, March 29, 2024

پی ایس ایل فور کے چیمپئنز کا کوئٹہ میں پرتپاک استقبال ‏

پی ایس ایل فور کے چیمپئنز کا کوئٹہ میں پرتپاک استقبال ‏
February 18, 2020

کوئٹہ ( 92 نیوز) پی ایس ایل فور کے چیمپئنز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  کا ہوم سٹی میں پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے  کھلاڑیوں کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، کھلاڑیوں نے شہریوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

پہلی بار پی ایس ایل فور کا ٹائٹل  جیتنے والی کوئٹہ گلی ایٹرز کا ہوم ٹاؤن میں پرتپاک استقبال کیا گیا ، اپنے ہیروز کے استقبال کیلئے پورا شہر اُمڈ آیا۔

کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں  ٹرافی اٹھائے گلیڈی ایٹرز نے شہر کو چکر لگایا تو کرکٹ لورز نے  مہمانوں کیلئے پلکیں بچھا دیں اور کوئٹہ کی فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد اور سٹار بیٹسمین احمد شہزاد مرکز نگاہ رہے  ، احمد شہزاد نے سیلفیاں بھی بنائیں۔

کوئٹہ والوں نے پلکوں پر اٹھایا تو سرفراز احمد بھی شاندار اور تاریخی استقبال کی داد دیئے بغیر نہ رہ سکے ۔

گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ہفتے کی رات کو کوئٹہ پہنچی تو ایئرپورٹ پر شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنی ٹیم کو خوش آمدید کہا، آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ٹائٹل جیتنے پر گلیڈی ایٹرز ٹیم کو 11 ملین روپے کا چیک بھی پیش کیا۔