Friday, April 19, 2024

پی ایس ایل فور کا فائنل دیکھنے حکمران طبقہ بھی اسٹیڈیم پہنچا

پی ایس ایل فور کا فائنل دیکھنے حکمران طبقہ بھی اسٹیڈیم پہنچا
March 18, 2019
کراچی ( 92 نیوز ) پی ایس ایل نےسب کو ایک کردیا ،پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا فائنل معرکہ دیکھنے کیلئے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں حکمران بھی عوام کے   ساتھ گھل مل گئے،سب نے ملکر میچ دیکھا اور دونوں ٹیموں کو بھرپور سپورٹ کیا،اسٹیڈیم میں کون کون سی اہم شخصیات موجود تھیں۔ پی ایس ایل  فور کے فائنل کے موقع پر کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم قومی وحدت کا نشان  بنا رہا ، جہاں ایک طرف ہزاروں شائقین کوئٹہ گلیڈی ایٹرزاور پشاور زلمی کی ٹیموں کو فائنل معرکے میں اسپورٹ کرنے کیلئے پہنچے ،وہیں سیاستدان،حکومتی عمائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی اہم شخصیات نے بھی عام لوگوں کے ساتھ ملکر یہ تاریخ ساز میچ دیکھا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے تمام پروٹوکول بالائے  طاق رکھتے ہوئے اپنی اہلیہ اور دیگر اہلخانہ کے ہمراہ عام تماشائیوں میں بیٹھ کر میچ دیکھا اور کھیل سے خوب محظوظ ہوئے ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی میچ دیکھنے والوں میں شامل تھے  ،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو دیکھ کر شائقین نے خوشی کا اظہار کیا،بلاول نے ہاتھ ہلاکر انکے نعروں کا جواب دیا ۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی، وزیر اعظم کے مشیر عثمان ڈار، خیبرپختونخوا کے وزراء عاطف خان اور شوکت یوسفزئی، رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار ،پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی اور کرکٹ لیجنڈ شاہد آفریدی  نے بھی  اپنے اہلخانہ کے ہمراہ اسٹیڈیم میں بیٹھ کر میچ دیکھا۔