Sunday, May 12, 2024

پی ایس ایل فور ، پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی

پی ایس ایل فور ، پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی
February 24, 2019
شارجہ ( ویب ڈیسک  )پی ایس ایل فور کا رنگا رنگ ایونٹ شارجہ میں جاری ہے جہاں اہم میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو  5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ پی ایس ایل فور کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں  145 رنز بنائے  اور آل ٹیم آؤٹ ہو گئی ۔ پشاو ر زلمی نے 146 رنز کا ہدف  امام الحق کی ففٹی کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ۔ پشاور زلمی کی پہلی  وکٹ 6 کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر کامران اکمل  تین گیندوں پر چار اسکور بنا کر چلتے بنے ۔ ڈیوائن میلان نے اوپنر امام الحق کیساتھ 68 رنز کی شراکت داری قائم کی ، وہ 38 اسکور بنا کر آؤٹ ہوئے ۔لائم ڈاؤسن نے  امام الحق کیساتھ 40 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ، انہوں نے  15 گیندوں پر 18 اسکور بنائے  ۔ اوپنر امام الحق محتاط انداز میں کھیلتے رہے جب کہ ان کیساتھ دوسرے  کنارے پر  تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے ۔ امام الحق نے 44 گیندوں پر 52 اسکور کیا  ۔ کیران پولارڈ نے جارحانہ انداز اپنایا اور 10 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنا کر پشاور زلمی کو تذبذب کی صورتحال سے نکال  کر فاتحین کی صف میں کھڑا کر دیا۔کپتان ڈیرن سیمی اور وہاب ریاض بالترتیب 5 اور2 اسکور بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ اس سے قبل پی ایس ایل فور کے چودھویں میچ میں ملتان سلطانز میدان میں اتری تو  کھیل کا آغاز اچھا نہ کر سکی ۔ اوپنر جیمز وینس بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔ساتھی اوپنر عمر صدیق بھی 19 اسکور بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ ٹاپ آرڈر جانسن چارلس  نے ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو مضبوط سہارا فراہم کیا اور 34 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 53 اسکور بنائے ، وہ عمید آصف کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ ڈینیل کرسٹین نے 17 رنز بنائے ، انہوں نے  سامعین گل کی گیند پر  میلان کو  کیچ تھمایا ۔ حسن علی نے ایک ہی اوور میں تین وکٹیں  حاصل کیں  ۔ انیسویں اوور کی پہلی گیند پر  شعیب ملک 22 ،  تیسری گیند پر شاہد آفریدی 14 اور چوتھی گیند پر محمد اعظم بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کا شکار ہوئے ۔ بیسویں اوور کی دوسری گیند پر محمد الیاس وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔جنید خان بغیر کوئی اسکور بنائے ہی رن آؤٹ ہو گئے ۔ پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی چار اوورز میں 17 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کر کے کامیاب باؤلر رہے ۔ سامعین گل ، وہاب ریاض ، عمید آصف  اور لائم ڈاؤسن نے ایک ایک کھلاڑی کو میدان بدر کیا۔ سامعین گل نے چار اوورز میں 44 ،عمید آصف نے 28  اور وہاب ریاض نے 35 رنز دیے ۔ کیرون پولارڈ اور لائم ڈاؤسن نے  دو ،دو اوورز کئے ، پولارڈ نے 14 رنز دیے جبکہ پولارڈ نے 5 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی ۔