Saturday, May 11, 2024

پی ایس ایل فائیو کے آغاز میں 4 روز باقی، غیرملکی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری

پی ایس ایل فائیو کے آغاز میں 4 روز باقی، غیرملکی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری
February 18, 2020
لاہور (92 نیوز) پاکستان سپر لیگ کے سیزن فائیو شروع ہونے میں صرف 4 دن باقی رہ گئے ہیں، غیرملکی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں پہلی بار اردو کمنٹری کا بھی تڑکا لگے گا۔ پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ میلہ سجنے میں صرف چار روز باقی رہ گئے، ایونٹ کی تیاریاں آخری مراخل میں ہیں تو دوسری جانب غیرملکی کھلاڑیوں کی پاکستان میں آمد بھی جاری ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر ٹیمل ملز اور آل راؤنڈر بین کٹنگ کراچی پہنچ گئے، پشاور زلمی کے لیام ڈاؤسن نے شہر قائد میں انٹری دے دی۔ ایلکس ہیلز، کیمرون ڈیل پورٹ، مچل میکلیگن اور کراچی کنگز کے باؤلنگ کوچ جوہان بوتھا نے بھی ٹیم کو جوائن کر لیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن کے کراچی پہنچنے پر بلوچی دستار پہنائی گئی۔ پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں پہلی بار اردو کمنٹری نشر کی جائے گی، رمیز راجہ، بازید خان، وقار یونس اور عروج ممتاز اردو میں کمنٹری کریں گے۔ پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ لیگ کے آخری تین میچوں میں اسپائیڈر کیم کے ذریعے گراؤنڈ میں موجود کھلاڑی، کمنٹری باکس میں موجود کمنٹیٹر سے محو گفتگو ہوگا۔ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز 20فروری سے ہو گا۔