Friday, March 29, 2024

پی ایس ایل فائیو ، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی

پی ایس ایل فائیو ، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی
March 2, 2020
 راولپنڈی (92 نیوز) پی ایس ایل فائیو میں آج کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ کراچی کنگز نے 152 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں حاصل کیا۔ پی ایس ایل فائیو میں پشاور زلمی کو کراچی کنگز کے ہاتھوں دوسری بار شکست ہوئی۔ 152رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گر گئی۔ شرجیل خان 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شرجیل خان  کے جلد پویلین لوٹنے پر  بابر اعظم اور ایلکس ہیلز نے  پشاور زلمی کے  باؤلرز پر خوب لاٹھی چارج کیا اور ٹیم کا اسکور 105 رنز تک پہنچا دیا۔ ایلکس ہیلز 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم نے  چیڈوک والٹن کے ساتھ 40 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو چھ وکٹوں سے کامیابی سے ہمکنار کروایا۔ بابر اعظم نے 70 رنز کی ناقابل شکست  اننگز کھیلی۔ پشاور کی جانب سے یاسر شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ شعیب ملک 68 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔