Friday, April 26, 2024

پی ایس ایل فائیو، ملتان سلطانز کی پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست

پی ایس ایل فائیو، ملتان سلطانز کی پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست
February 27, 2020
ملتان (92 نیوز) پی ایس ایل فائیو کے 8 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔ پہلی بار ملتان میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 123 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جواب میں ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔ ہدف کے تعاقب میں جیمز ونس اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا، ونس 5 رنز پر ہی پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد معین علی بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان شان مسعود بھی صرف 8 رنز ہی بناسکے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف نے وہاب ریاض کو مسلسل 3 گیندوں پر 3 چوکے رسید کیے تاہم اگلے اوور میں وہاب ریاض نے انہیں 12 رنز پر پویلین واپس بھیج کر اپنا حساب چکتا کردیا۔ بعد ازاں ریلی روسوو اور خوشدل شاہ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم شراکت داری قائم کی اور ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔ روسوو 49 اور خوشدل شاہ 43 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ اس سے قبل میچ کا ٹاس ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور ٹام بینٹن نے اننگز کا آغاز کیا، جیمز ونز نے محمد عرفان کی دوسری ہی گیند پر بینٹن کا کیچ چھوڑ دیا تاہم پہلے اوور ہی کی پانچویں گیند پر شاہد آفریدی نے کیچ پکڑ کر بینٹن کی اننگز کا خاتمہ کیا جب کہ پچھلے میچ کے سنچری میکر کامران اکمل بھی 15 رنز ہی بناسکے۔ ملتان سلطانز کے نوجوان بولر محمد الیاس نے ایک ہی اوور میں پہلے شعیب ملک کو 2 رنز پر پویلین بھیجا اور پھر لیام لیونگ اسٹون کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ دیا۔ حیدر علی نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی 13 گیندوں پر صرف 2 رنز بنا کر چلتے بنے، لیام ڈاسن نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی تاہم شاہد آفریدی نے انہیں 22 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا اور وہاب ریاض صرف 9 رنز، حسن علی 8 رنز ہی بناسکے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر نے 4، محمد عرفان  اور محمد الیاس نے 2 ، 2 جبکہ شاہد آفریدی اور عمران طاہر نے ایک ایک شکار کیا۔