Monday, May 13, 2024

پی ایس ایل فائیو ، آج ملتان سلطانز اور پشاور زلمی میں جوڑ پڑے گا

پی ایس ایل فائیو ، آج ملتان سلطانز اور پشاور زلمی میں جوڑ پڑے گا
March 13, 2020
کراچی (92 نیوز) پی ایس ایل  کے پلے آف مرحلے میں جانے کے لیے ٹیموں کے درمیان  جنگ  فائنل مراحل میں داخل ہو گئی۔ آج ملتان سلطانز اور پشاور زلمی میں شام سات بجے جوڑ پڑے گا۔ پی ایس ایل فائیو میں ٹیموں کی ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی جنگ جاری ہے۔ ہر میچ کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر ٹیموں کی بدلتی پوزیشن نے ایونٹ کو انتہائی دلچسپ بنا دیا ہے۔ کراچی کنگز سے شکست نے 8 پوائنٹ کے ساتھ  لاہور قلندرز کو پوائنٹس ٹیبل پر تیسری سے چوتھی پوزیشن پر پہنچا دیا ہے اور اسے آخری گروپ میچ میں ملتان سلطانز کا کڑا چیلنج درپیش ہو گا ۔ ہار کی صورت میں اسکے فائنل فور میں پہنچنے کے امکانات معدوم ہو سکتے ہیں۔ ایونٹ میں آج پشاور زلمی اپنے آخری گروپ میچ میں ملتان سلطانز کا مقابلہ  کرے گی۔ پشاور زلمی نے  9 میچز  کھیلے  ہیں۔ چار میں فتح اور چار  میں شکست کھائی جبکہ ایک میچ بغیر نتیجہ رہا۔ آج کے میچ میں جیت اسکی پلے آف مرحلے میں سیٹ کنفرم کردے گی تاہم ہار کی صورت میں 9 پوائنٹس کیساتھ اسے بھی دوسری ٹیموں کے پوائنٹس اور رن ریٹ کا محتاج ہونا پڑے گا۔ ملتان سلطانز  بارہ پوائنٹس کیساتھ سب سے آگے ہے ۔اس نے اب تک  8 میچ کھیلے ہیں ۔ اسے پانچ  میں کامیابی اورایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، دو میچ بلا نتیجہ  رہے۔ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں  ایونٹ میں پہلے بھی آمنے سامنے آ چکی ہیں جہاں  ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔