Saturday, April 20, 2024

پی ایس ایل فائنل، کھلاڑیوں کو سٹیڈیم لانے کی فل ڈریس ریہرسل

پی ایس ایل فائنل، کھلاڑیوں کو سٹیڈیم لانے کی فل ڈریس ریہرسل
March 2, 2017

لاہور (92نیوز) پی ایس ایل کے فائنل کے لیے تیاریاں۔ ایئرپورٹ سے ہوٹل اور قذافی سٹیڈیم جانے کی ریہرسل، قذافی سٹیڈیم اور ملحقہ روڈز پر لائٹس کی تنصیب کے لئے چالیس لاکھ روپے جاری، سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے سپر فائنل کے لئے قذافی سٹیڈیم کی سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ آنے جانے والے راستے مکمل سیل ہیں، رینجرز نے چارج سنبھال لیا ہے۔ سٹیڈیم کے اردگرد سوئیپنگ کاعمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں کو ہوٹل سے سٹیڈیم پہنچانے کی فل ڈریس ریہرسل بھی کی گئی۔

اس موقع پر رینجرز کے ساتھ پولیس اور ایلیٹ فورس کے دستے بھی موجود تھے۔ کھلاڑیوں کو مکمل سکیورٹی حصار میں ائرپورٹ سے ہوٹل اور پھر سٹیڈیم لایا جائے گا۔

فائنل والے روز تماشائیوں کی بائیو میٹرک تصدیق کے لیے نادرا کی پانچ گاڑیاں بھی قذافی سٹیڈیم پہنچ گئی ہیں۔ بائیو میٹرک کے بغیر کسی تماشائی کو سٹیڈیم کی جانب نہیں جانے دیا جائے گا۔ شناختی کارڈ بھی ساتھ لانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔