Friday, April 19, 2024

لاہور: کھلاڑیوں کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ حاصل ہو گا

لاہور: کھلاڑیوں کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ حاصل ہو گا
February 28, 2017

لاہور (92نیوز) پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے لاہور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں سکیورٹی پلان طے کیا گیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکیورٹی کے پانچ حصار قائم کئے جائیں گے۔ پانچ مارچ کو جیل روڈ، فیروز پور روڈ،  کینال روڈ اور گلبرگ مین بلیوارڈ کو عام ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔

پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ حاصل ہو گا۔ زمبابوے کے دورہ پاکستان کے سکیورٹی ماڈل کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سکیورٹی کے چار حصاروں میں رینجرز اور ایلیٹ فورس کے علاوہ دس ہزار پولیس کے جوان فرائض سرانجام دیں گے۔

پنجاب کے پانچ اضلاع اٹک، چنیوٹ، منڈی بہاؤالدین، وہاڑی اور گوجرانوالہ سے ڈی پی او اور ایس پی حضرات طلب کر لئے گئے ہیں۔ سکیورٹی ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی رانا ایاز سلیم کے ذمے ہوگی۔

پانچ مارچ کوجیل روڈ، فیروز پور روڈ، کینال روڈ اور گلبرگ مین بلیوارڈ عام ٹریفک کے لئے بند ہوگا۔ قذافی اسٹیڈیم میں چڑیا بھی نظروں سے بچ کر داخل نہ ہو سکے اس کیلئے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے 86 آٹومیٹک کیمروں کے علاوہ سیف سٹی پراجیکٹ کے 100 سے زائد کیمرے ہر چیز پرنظر رکھیں گے۔ تماشائیوں کی نادرا کی مدد سے بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔

کالج اینڈ پر نیا میڈیا باکس، مہمان دار کمرے اور پریس کانفرنس روم مکمل ہوچکے ہیں جبکہ قذافی اسٹیدیم کا اسٹاف لش گرین گراؤنڈ کی فائنل تراش خراش کر رہا ہے۔