Tuesday, April 23, 2024

پی ایس ایل فائنل، ٹکٹوں کیلئے بینکوں کے باہرعوام کا سمندر امڈ آیا

پی ایس ایل فائنل، ٹکٹوں کیلئے بینکوں کے باہرعوام کا سمندر امڈ آیا
March 1, 2017

لاہور (92نیوز)  پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ خریدنے کے لئے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد لبرٹی پنجاب بنک کے باہر پہنچ گئی۔ پانچ سو کا ٹکٹ ختم ہونے پر ہلڑبازی  شروع ہو گئی۔ پولیس نے چار نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ شائقین کا کہنا ہے کہ پانچ سو والے ٹکٹ مزید فراہم کئے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق شائقین کرکٹ پی ایس ایل کا فائنل گراونڈ میں دیکھنے کے لیے صبح ہی سے ٹکٹ کے حصول کے لیے جمع ہوگئے تھے۔ ٹکٹ کی فروخت کا ٹائم تو بارہ بجے کا تھا لیکن انتظامیہ نے ساڑھے دس بجے ہی فروخت شروع کروا دی اور چند لمحوں میں بنک میں موجود سارے ٹکٹ فروخت ہو گئے۔ ٹکٹ نہ ملنے پر ہلڑبازی شروع ہو گئی جس پر پولیس حرکت میں آگئی اور چار نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ شائقین کا کہنا ہے کہ چند ٹکٹ ہی فروخت کیے گیے اور اب کہا جا رہا ہے کہ آٹھ اور بارہ ہزار کے ٹکٹ دستیاب ہیں۔

شائقین کرکٹ کو بنک انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جتنے ٹکٹ تھے ختم ہو گئے ہیں۔ مزید ٹکٹوں کے لیے پی سی بی سے رابطہ کر رہے ہیں۔ دوسری جانب سکیورٹی کے لیے رینجرز کو بھی بنکوں کے باہر تعینات کیا گیا ہے۔