Tuesday, May 21, 2024

پی ایس ایل سکس ، کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 7 رنز سے شکست دیدی

پی ایس ایل سکس ، کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 7 رنز سے شکست دیدی
June 18, 2021

ابو ظہبی (92 نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سکس میں کراچی کنگز کی مسلسل تین ناکامیوں کے بعد فتح ہوئی۔ لاہور قلندرز کو 7 رنز سے ہرا دیا۔

ٹم ڈیوڈ اور جیمز فالکنر کی دھواں دھار بیٹنگ  بھی لاہور کو  جیت نہ دلا سکی۔ 177رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے دونوں اوپنرز 58 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے ۔ کپتان سہیل اختر 21 اور فخر زمان 19 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

آغا سلمان ایک اور بین ڈن  6رنز بنا کر چلتے بنے۔ محمد حفیظ نے کچھ مزاحمت دکھائی اور ٹیم کا اسکور 92 رنز تک پہنچا دیا ۔ محمد حفیظ 36 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

محمد حفیظ کے آؤٹ ہونے پر ٹم ڈیوڈ اور جیمز فالکنر نے لاہور کو میچ جتوانے کی بھر پور کوشش کی۔ ٹم ڈیوڈ نے چودہ  گیندوں پر 34 اور جیمز فالکنر نے اٹھارہ  گیندوں پر 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی لیکن لاہور کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں پر 169 رنز بنا سکی۔ کراچی کنگز کی جانب سے محمد الیاس اور نور احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ بابر اعظم 54 اور مارٹن گپٹل 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کراچی کنگز کے نور احمد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔