Sunday, May 12, 2024

پی ایس ایل سکس ، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

پی ایس ایل سکس ، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
June 22, 2021

ابوظہبی (92 نیوز) پی ایس ایل سکس میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کا ایونٹ میں سفر تمام ہو گیا۔ ایلیمینیٹر میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

176رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور ز لمی کے اوپنر حضرت اللہ زازئی  نے آغاز سے ہی  کراچی کے باؤلرز پر لاٹھی چارج شروع کر دیا اور 10 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 77 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر پشاور کی میچ میں گرفت مضبوط بنا دی۔

حضرت اللہ زازئی کے  آؤٹ ہونے پر کراچی کنگز کے باؤلرز نے کم بیک کرتے ہوئے پشاور کے بلے بازوں  کو کھل کر نہ کھیلنے دیا۔ شعیب ملک اور خالد عثمان کی سست رفتار بیٹنگ کی وجہ سے میچ پشاور زلمی کے ہاتھوں سے کھسکتا دکھائی دینے لگا۔ شعیب ملک نے 30 اور خالد عثمان نے 17 رنز بنائے۔ شرفین ردر فورڈ  کے 10 گیندوں پر 17 رنز کی بدولت  پشاور زلمی ایک  گیند قبل ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ کراچی کنگز کی جانب سے تھساراپریرا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے 53 اور تھسارا پریرا نے 18 گیندوں پر 37 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض، عمید آصف اورمحمد عرفان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔