Sunday, May 19, 2024

پی ایس ایل سکس، اسلام آباد یونائیٹڈ کی پشاور زلمی کو 15 رنز سے شکست

پی ایس ایل سکس، اسلام آباد یونائیٹڈ کی پشاور زلمی کو 15 رنز سے شکست
June 17, 2021

ابو ظہبی (92 نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سکس کے 26 ویں میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 15 رنز سے شکست دے دی۔

پشاور زلمی کی ٹیم 248 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 6 وکٹوں پر 232 رنز بنا سکی۔

پشاور زلمی کی جانب سے شعیب ملک 68 رنز بنا کر نمایاں رہے، کامران اکمل نے 53 اور شرفین ردرفورڈ نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔

وہاب ریاض نے 15 گیندوں پر 28 اور عمید آصف نے 9 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عاکف جاوید نے 3 اور حسین طلعت نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیل کر 2 وکٹوں پر247 رنزکا ریکارڈ مجموعہ تشکیل دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان عثمان خواجہ نے پشاور زلمی کیخلاف شاندار ناقابل شکست سنچری سکور کی، انہوں نے 56 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز تراشی۔

عثمان خواجہ کے علاوہ برینڈن کنگ، آصف علی اور کولن منرو نے بھی بھرپور لاٹھی چارج کیا۔ برینڈن کنگ نے 22 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 46 رنز بنائے۔

آصف علی نے 14 گیندوں پر43 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کولن منرو نے 28 گیندوں پر 48 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے سمین گل اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔