Thursday, March 28, 2024

پی ایس ایل تھیم سانگ کا تنازع، علی عظمت اور علی ظفر کی ایک دوسرے پر تنقید

پی ایس ایل تھیم سانگ کا تنازع، علی عظمت اور علی ظفر کی ایک دوسرے پر تنقید
February 21, 2020
کراچی (92 نیوز) گلوکار علی عظمت اور علی ظفر کے مابین پی ایس ایل تھیم سانگ کا تنازع دلچسپ موڑ اختیار کرگیا، دونوں راک اسٹارز کا نام لیے بغیر ایک دوسرے پر تنقید کردی، مرتضیٰ وہاب نے افتتاحی تقریب کو مایوس کن قرار دیدیا۔ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کسی کو اچھی تو کسی کو بری لگی ، ہر کوئی اپنے اپنے انداز میں سوشل میڈیا پراس حوالے سے تبصروں میں مصروف ہے، تاہم اسکے تھیم سانگ کی وجہ  سے دو ٹاپ راک اسٹارز کے درمیان سرد جنگ شروع ہوگئی ہے۔ گلوکار علی عظمت نے ایک ٹی وی انٹرویو میں علی ظفر کا نام لیے بغیر ان پر تھیم سانگ کیخلاف سوشل میڈیا کمپین چلانے کا الزام عائد کیا۔ علی عظمت نے کہا کہ افتتاحی تقریب کے دوران بہت بد نظمی تھی،تھیم سانگ میں اپنا حصہ نہ چلنے پر ہارون اور عاصم اظہر بھی  ناراض ہوگئے دوسری جانب گلوکار علی ظفر نے علی عظمت کا نام لیے بغیر ان کو ترکی بہ ترکی خوب  جواب دیا۔ علی ظفر نے اپنے ویڈیو پیغام میں طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پے رول پر کئی بلاگرز ہیں، ٹرمپ کو بھی انہوں نے ہی الیکٹ کرایا، ایسا کریں اپنے کمرے میں ڈاٹ بورڈ پر میری تصویر لگا کر اس پرٹھاہ ٹھاہ کریں۔ گلوکار نے اپنا گانا سیٹی بجے گی بھی ویڈیو میں شیئر کیا۔ ادھر سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں بدانتظامی پر برس پڑے۔ افتتاحی تقریب کے میزبان احمد گوڈیل بھی اپنی پرفارمنس کی  صفائیاں پیش کرنے میں مصروف ہیں جن کی سوشل میڈیا پر خوب ٹرولنگ ہورہی ہے۔