Monday, May 20, 2024

پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی

پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی
February 25, 2017

دبئی (ویب ڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے شکست دے دی، کیون پیٹرسن اور احمد شہزاد کی نصف سنچریاں بھی کسی کام نہ آئیں۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جاری پی ایس ایل کے میچ میں آخری اوور میں محمد سمیع کی شاندار باؤلنگ کی وجہ سے اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے جیت چھین لی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم 166 رنز کا ہدف عبور نہ کر پائی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بناپائی۔ کیون پیٹرسن اور احمد شہزاد نے دوسری وکٹ کیلئے شاندار شراکت قائم کی اور 133 رنز جوڑے۔

کیون پیٹرسن نے تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 69رنز جارحانہ اننگز کھلی جبکہ احمد شہزاد 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز نے چڑھائی کردی۔ آخری اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے صرف پانچ رنز درکار تھے مگر محمد سمیع نے اپنی شاندار باؤلنگ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جیت کا خواب چکنا چور کردیا اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کھیلے گئےمیچ کا ٹاس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز نے جیتا اورفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 165رنز بنائے جس میں حسین طلعت کی 56رنز کی شانداراننگز شامل تھی۔

ان کے علاوہ کپتان مصباح الحق 25، شین واٹسن 29اور بریڈ ہیڈن نے 22رنز بنائے۔ کوئٹہ کی جانب سے ذوالفقار بابر اور انور علی نے دو، دو جبکہ حسن خان اور تیسارا پریرا نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

اس جیت کے ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔