Wednesday, May 8, 2024

پی ایس ایل 6میں شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل گئی

پی ایس ایل 6میں شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل گئی
February 4, 2021

لاہور (92 نیوز) پی ایس ایل شائقین کے لئےبڑی خوشخبری ہے کہ 20 فروری سے شروع ہونے والی پی ایس ایل 6میں تماشائیوں کومحدود تعداد میں اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل گئی۔کورونا کے بعد کراچی اور لاہور میں اب پھرسے کرکٹ میلہ سجے گا۔

پی ایس ایل 6 کے میچز میں چوکے چھکے لگیں گے تو گراؤنڈ میں شائقین بھی تالیوں کے لئے موجود ہوں گے، پی سی بی کی درخواست پراین سی اوسی نے محدود تعداد میں تماشائیوں کو اسٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دے دی۔

فیصلے کے مطابق لیگ کے میچز کے دوران اسٹیڈیمز میں 20 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 7500 جبکہ قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں 5500 تماشائی اسٹیڈیم میں لائیوایکشن دیکھ سکیں گے۔

ابتدائی میچوں میں این سی او سی اور پاکستان کرکٹ بورڈمشترکہ طورپرصورتحال کامسلسل جائزہ لیتےرہیں گے، جس کے بعد تین پلے آف میچز اور فائنل کے لیے تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ کرنےسےمتعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

میچوں کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایونٹ کے منتظمین اسٹینڈز میں کوروناایس اوپیز پرعمل کرائیں گے، پی سی بی کی جانب سےتماشائیوں کے اسٹیڈیم میں داخلے کے لئے ٹکٹنگ پالیسی کا اعلان جلدکردیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہناہے کہ وہ اجازت دینےپراین سی اوسی کےممنون ہیں۔