Friday, May 10, 2024

پی ایس ایل 6،لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دیدی

پی ایس ایل 6،لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دیدی
February 21, 2021

کراچی (ویب ڈیسک ) پی ایس ایل سیزن 6 کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دیکر ایونٹ میں پہلی فتح کا مزہ چکھ لیا ۔

لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو  بلے بازی کی دعوت دی جنہوں نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے ۔لاہور قلندرز نے 141 رنز کا ہدف  6وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کرلیا۔

لاہور قلندرز کی دعوت پر پشاور زلمی  نے پہلے بیٹنگ کی ، زلمی کی جانب سے  آغاز اچھا نہ  کیا جا سکا  اور     اوپنر امام الحق میچ کی پہلی ہی گیند پر  وکٹ کیپر  کو کیچ تھما بیٹھے ، ان کی وکٹ شاہین شاہ آفریدی کے کھاتے میں آئی۔کامران اکمل بھی کوئی کمال نہ دکھا سکے اور سلمان مرزا کی گیند پر  آغا سلمان کو کیچ تھما بیٹھے ، انہوں نے صرف 5 اسکور کئے ۔

ٹاپ آرڈر شعیب ملک نے 26 رنز بنائے جبکہ حیدر علی بغیر کوئی اسکور بنائے پویلین لوٹ گئے ۔  روی بوپارہ نے 44 گیندوں پر 50 اسکور کئے ،ان کی اننگز 6 چوکوں سے مزین تھی ، وہ اپنی ٹیم کی جانب سے ٹاپ اسکورر بھی رہے ۔شیرفین ردرفورڈ  26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

عماد بٹ 23 جبکہ وہاب ریاض ایک رن بنا کر ناقابل شکست رہے ۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار اوورز میں  14 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ ان کا ایک اوور میڈ ان بھی رہا۔

سلمان مرزا نے چار اوورز میں 35 رنز کے عوض دو شکار کئے جبکہ ڈیوڈ وائس نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے محتاط بلے بازی کی ، لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ پانچویں اوور کی دوسری گیند پر 29 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان سہیل اختر مجیب الرحمان کی گیند پر شعیب ملک کو کیچ تھما بیٹھے ، انہوں نے 14 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے ۔

لاہور قلندرز کو دوسرا چھٹکا چھٹے اوور کی آخری گیند پر لگا  جب اوپنر فخر زمان وہاب ریاض کی گیند پر شعیب ملک کو کیچ تھما کر چلتے بنے ،فخر زمان نے 15 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 15 رنز بنائے ۔

53 کے مجموعی اسکور پرآغا سلمان عماد بٹ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ،انہوں نے 16 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے ۔

پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن میں جارحانہ بلے بازی کے باعث مرکز نگاہ بننے والے بین ڈنک  لاہور قلندرز کی جانب سے آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے ۔ ڈنک نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 14 گیندوں پر 22 اسکور بنائے ۔ وہ وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔

109 کے مجموعی اسکور پرسمٹ پاٹیل محمود کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ، پاٹیل نے گیارہ گیندوں پر 8 رنز بنائے ۔

مڈل آرڈر کی ذمہ داری ادا کرنے والے محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔راشد خان نے 15 گیندوں پر ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 27 رنز  بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔

وہاب ریاض اور ثاقب محمود نے دو دو ، مجیب الرحمان اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔