Tuesday, May 14, 2024

پی ایس ایل 6 ، کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

پی ایس ایل 6 ، کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
February 20, 2021

کراچی( ویب ڈیسک ) پی ایس ایل سیزن 6 کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے  میچ میں کراچی کنگزنے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، کوئٹہ کی ٹیم 18.2 اوورز میں  121 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی  وکٹ صرف 6 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب عماد وسیم کی گیند پر  بلے باز ٹام بینٹن  آؤٹ ہو گئے ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  کو دوسرا نقصان  سرفراز احمد کی صورت میں 17 رنز پر اٹھانا پڑا ، سرفراز احمد 7 رنز بنا کر عامر یامین کی گیند پر  چلتے بنے ۔

کرس گیل نے صائم ایوب کیساتھ 38 رنز کی شراکت داری قائم کی جہاں 55 کے اسکور پر  صائم ایوب 8 رنز بنا کر وقاص مقصود کا نشانہ بنے ۔68 کے مجموعی اسکور پر کرس گیل بھی 24 گیندوں پر4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 39 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے ۔

اعظم خان نے 17، محمد نواز نے 3، بین کٹنگ نے 11، قیس محمد نے 16، عثمان شنواری  صفر ، محمد حسنین چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال نے چار اوورز میں 16 رنز کے عوض تین ، وقاص مقصود نے 2.2 اوورز میں  21 رنز کے عوض دو ، عماد وسیم ، محمد عامر ، عامر یامین  اور ڈینئل کرسچین نے  ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

کراچی کنگز کی ٹیم 122 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری تو اوپنر شرجیل خان پہلے اوور  میں محمد حسنین کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ ساتھی اوپنر بابر اعظم نے 20 گیندوں پر 24 رنز بنائے  وہ  بھی محمد حسنین کی گیند  پر آؤٹ ہوئے ، انہوں نے 24 رنز بنائے ۔

ٹاپ آرڈر جوئے کلارک نے 23 گیندوں پر تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی دلکش اننگز کھیلی  اور ٹیم کی جانب سے نمایاں رہے ۔  جوئے روٹ عثمان شنواری کی گیند پر اعظم خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

مڈل آرڈر کولن انگرام اور محمد نبی نے بالترتیب 17 اور 30 رنز کی اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین دو اور عثمان شنواری نے ایک وکٹ حاصل کی ۔