Friday, May 17, 2024

پی ایس ایل 6، کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو دھول چٹا دی

پی ایس ایل 6، کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو دھول چٹا دی
February 27, 2021

کراچی ( ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے نویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ۔

کراچی کنگز کی جانب سے 196 رنز کا ہدف 18.5اوورز میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا گیا۔اوپنر بابر اعظم 90 اسکور کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔

کراچی کنگز کی دعوت پر  ملتان سلطانز نے پہلے بازی کی اور مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر195 رنز بنائے ۔اوپنر کپتان محمد رضوان اور کرس لین نے 53 رنز کی شراکت داری قائم کی جہاں  کرس لین 14 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنا کرعماد وسیم کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

کپتان محمد رضوان نے جیمز وینس کے ساتھ 70 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ، انہوں نے  پانچ چوکوں کی مدد سے 32 گیندوں پر43 رنز بنائے اور ارشد اقبال کی گیند پر محمد نبی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ٹاپ آرڈر جیمز وینس نے 45، ریلی روسو نے 7، خوشدل شاہ نے 6 اور شاہد آفریدی نے تین رنز بنائے ۔

مڈل آرڈر صہیب مقصود 27 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کے ساتھ 34 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔

کراچی کنگز کی جانب  سے ارشد اقبال نے دو ، عماد وسیم ، محمد عامر ، وقاص مقصود اور ڈینئل  کرسٹئن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں  ملتان سلطانز نے ابتداء سے ہی جارحانہ انداز اپنایا ۔ اوپنر  شرجیل خان اور بابر اعظم نے پانچویں اوور میں ہی ٹیم کا اسکور 50 سے اوپر  پہنچا دیا۔ 56 کے مجموعی اسکور پر شرجیل خان 14 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنا کر  شاہنواز دھانی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

اوپنر کپتان بابر اعظم 60 گیندوں پر ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے 90 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔

جوئے کلارک 54، کولن انگرام نے 6 رنز اور محمد نبی نے 13 اسکور کئے ۔