Monday, May 13, 2024

پی ایس ایل 6، پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

پی ایس ایل 6، پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست  دیدی
February 23, 2021

کراچی ( 92 نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔

پشاور زلمی نے 194رنز کا ہد ف انیسویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا ، ٹام کوہلر 53 رنز بنا کر زلمی کی جانب سے نمایاں رہے ۔

پشاور زلمی کی دعوت پر ملتان سلطانز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنا ڈالے ۔ملتان سلطانز کی جانب سے آغاز اچھا نہ  کیا جا سکا ،  پہلا جھٹکا دوسرے اوور کی پہلی گیند پر لگا جب کرس لینن صرف ایک اسکور بنا کر  محمد عرفان کی گیند پر  حیدر علی کو کیچ تھما بیٹھے۔

اس کے بعد  کپتان محمد رضوان نےجیمز وینس کیساتھ مل کر  87 رنز  کی پارنٹر شپ قائم کی گئی ، کپتان محمد رضوان  نے  28 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے ۔  وہ محمد عمران کی گیند پر  امام الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

جیمز وینس نے صہیب مقصود کیساتھ 71 رنز کی شراکت داری قائم کی جہاں صہیب مقصود21 گیندوں پر دو چھکوں  اور چار چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنا کر محمود کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے ۔

ٹاپ آرڈر پر آنے والے  جیمز وینس نے 55 گیندیں کھیل کر تین چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بنائے ۔ ریلی روسو نے 14 جبکہ خوشدل شاہ نے 6 رنز بنائے ۔پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود  دو ، محمد عمران اور محمد عرفان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

194رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے  تعاقب میں پشاور زلمی نے جارحانہ مگر محتاط بلے بازی کی  اور 57 کے اسکور پر پہلی وکٹ گنوائی جب اوپنر کامران اکمل عثمان قادر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ کامران اکمل نے 24 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے تھے ۔

اوپنر امام الحق نے ٹاپ آرڈرٹام کوہلر کیساتھ مل کر دوسری وکٹ کی مد میں  77 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جہاں امام الحق رن آؤٹ ہو گئے ۔انہوں نے 39 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کئے ۔

پشاور زلمی کی تیسری وکٹ شیرفن ردر فورڈ کی صورت میں گری ، انہوں نے 6 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کیساتھ 15 رنز بنائے ۔ ٹاپ آرڈر ٹام کوہلر نے صرف 32 گیندوں پر ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 53 اسکور کئے ، وہ پشاور زلمی کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے اور مین آف دی میچ بھی قرار پائے ۔وہ شاہنواز دھانی کی گیند پر سہیل تنویر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

17ہویں اوور کے اختتام پر میچ ملتان سلطانز کی جھولی میں لگ رہا تھا  ، 18 گیندوں پر 34 اسکور درکار تھے کہ  ٹام کوہلر کی جگہ  آنیوالے حیدر علی نے اوور کی پہلی اور تیسری گیند پر  چوکے لگائے اور مجموعی طور پر اوور میں  13 رنز حاصل کئے ۔ اب 12 گیندوں پر  21 رنز درکار تھے ۔

حیدر علی نے انیسویں اوور کی پہلی گیند پر شاہنواز دھانی کو چھکا لگایا ، اگلی گیند وائڈ ہوئی ،دوسری گیند  پر  حیدر علی نے سنگل لی  جبکہ تیسری گیند پر شعیب ملک نے بھی چھکا لگا کر میچ کی صورتحال یکسر تبدیل کر دی۔ چوتھی گیند پر شعیب ملک نے ڈبل جبکہ پانچویں پر سنگل لی ۔

انیسویں اوور کی آْخری گیند پر حیدر علی نے چھکا لگا کر  اسکور 197 کر دیا  اور ساتھ ہی فتح پشاور زلمی کی جھولی میں ڈال دی ۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی دو  اور عثمان قادر ایک وکٹ  حاصل کر سکے ۔

سہیل تنویر تین اوورز میں  40 رنز دیکر مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے ،شاہنواز دھانی نے چار اوورز میں  44،کارلوس بریتھویٹ نے 4 اوورز میں  41 ،شاہد آفریدی نے  4 اوورز میں 38 جبکہ عثمان قادر نے  4 اوورز میں 29 رنز دیے ۔

حیدر علی نے فقط 8 گیندوں پر اٹھارہویں اوور میں آنے والے حیدر علی نے  پہلی اور تیسری گیند پرملتان کے اسکواڈ میں  کپتان محمد رضوان ، کرس لین ،  جیمز وینس ، شعیب مقصود، ریلی روسو ، خوشدل شاہ ، شاہد آفریدی ، کارلوس  بریتھویٹ ، سہیل تنویر ،عثمان قادری اور شاہنواز دھانی شامل تھے ۔

پشاور زلمی کی ٹیم میں  کامران اکمل ، امام الحق ، حیدر علی ، شعیب ملک ، ٹام کوہلیئر کیڈمور ، شیرفن ردر فورڈ، کپتان وہاب ریاض ،  مجیب الرحمان ، ثاقب محمود ، محمد عمران اور محمد عرفان شامل تھے ۔