Wednesday, May 8, 2024

پی ایس ایل 4 کو متنازعہ بنانے کیلئے بھارتی میڈیا اور بک میکر متحرک

پی ایس ایل 4 کو متنازعہ بنانے کیلئے بھارتی میڈیا اور بک میکر متحرک
February 14, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پی ایس ایل 4 کو متنازعہ بنانے اور پاکستانی کھلاڑیوں پر جوئے اور میچ فکسنگ کے الزامات لگانے کے لیے بھارتی میڈیا اور بھارتی بک میکر متحرک ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق 23بڑے بھارتی بک میکر اور انکے ساتھ جوئے کا کارروبار کرنے والے 8 بڑے پاکستانی بک میکر پی ایس ایل 4 کو متنازعہ بنانے اور پاکستانی کھلاڑیوں کو بدنام کرنے کے لیے دبئی پہنچ گئے  ہیں ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق بک میکر مافیا نے دبئی کے اندر 4مختلف ہوٹلوں میں نہ صرف رہائش کر رکھی ہے بلکہ انکے ساتھ 6مختلف انڈین چینلز کے رپورٹرز اور دو غیر ملکی میڈیا ہاؤسز کے صحافی بھی ہیں۔ ذرائع کے مطابق رمیش لال،قادر بھائی بمبئی والے ،انو کمار،راجیش،راجن چندی گڑھ والا بھارتی بک میکرز کو لیڈ کر رہے ہیں جبکہ کراچی ،لاہور،روالپنڈی اور ملتان سے بڑے بک میکرز بھی وہاں پہنچ چکے ہیں جو بھارتی بک میکرز کے کہنے پر کام کر رہے ہیں اور انہی کی ٹیم کا بھی حصہ ہیں ۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پاکستانی بک میکرز اور دبئی میں بھارتی بک میکرز کے ایجنٹوں کے ذمہ یہ کام ہے کہ وہ کسی نہ کسی طریقے سے لیگ میں شامل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی تصاویرانڈین بکر میکرز کے ساتھ بنوائیں گے اور پھر ان کو بین الاقوامی میڈیا میں شائع کراکر یہ تاثر دیا جائے گا کہ پاکستان سپر لیگ میں بک میکرز ملوث ہیں جبکہ پاکستانی کھلاڑی انڈین اور پاکستانی بک میکرز کے کنٹرول میں ہیں ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اس ضمن میں وہاں ہونے والی ایسی تقریبات جو خالصتاً کھلاڑیوں کے لیے ہیں ان تقریبات کے دعوت نامے بھی اس مافیا نے حاصل کر رکھے ہیں جن ہوٹلوں میں کھلاڑی رہائش پذیر ہیں وہاں کے نہ صر ف کمرے بک ہیں بلکہ وہاں کے عملے کی بھی ا س حوالے سے خدمات لی جارہی ہیں کہ کسی طریقے سے ایسی تصاویر یا ویڈیوز کھلاڑیوں کے ساتھ بن جائیں جس کو یہ پاکستان سپر لیگ کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کر سکیں ۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ بھی باقاعدہ متحرک ہے کیونکہ ہر صورت میں وہ پاکستان سپر لیگ کو متنازعہ بنانا چاہتا ہے اور بھار ت کے اندر ہونے والی آئی پی ایل کی کامیابی اس چیز سے مشروط کر رہے ہیں ۔