Wednesday, May 8, 2024

پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیاں ، شاہد خاقان عباسی ، ارشد مرزا کی عبوری ضمانت منظور

پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیاں ، شاہد خاقان عباسی ، ارشد مرزا کی عبوری ضمانت منظور
May 19, 2020
 کراچی (92 نیوز) پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق سیکرٹری پٹرولیم ارشد مرزا کی عبوری ضمانت منظور ہو گئی۔ پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سندھ ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از وقت گرفتاری کی درخواست کی اور کہا کہ احتساب عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں مگر گرفتاری کا خدشہ ہے۔ سندھ ہائیکورٹ نے شاہد خاقان عباسی اور سابق سیکریٹری پٹرولیم ارشد مرزا کی عبوری ضمانت منظور کر لی اور پانچ پانچ لاکھ روپے زر ضمانت جمع کرانے کا حکم دیا۔ شاہد خاقان عباسی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب ریفرنس کے بعد پورا خاندان متاثر ہو جاتا ہے۔ ریفرنس فائل ہونے سے پہلے اریسٹ وارنٹ جاری کر دیا جاتا ہے۔ جھاڑو پھیر دیں یا کچھ بھی کریں ملنا کچھ نہیں ہے ۔ نیب کے ہوتے ہوئے ملک نہیں چل سکتا۔ حکومت ناکام ہو چکی ہے، سٹیک ہولڈرز کو بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہو گا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کرکٹرز ناکام سیاست دان ہوتے ہیں۔ شاہد آفریدی کو الیکشن لڑنا پڑے گا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے قومی سطح پر پالیسی بننی چاہیے تھی جو نہیں بنی ۔