Saturday, April 27, 2024

پی آئی سی پر حملے میں ملوث وکلاء کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

پی آئی سی پر حملے میں ملوث وکلاء کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم
December 19, 2019
لاہور (92 نیوز) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پی آئی سی حملہ کیس میں گرفتار  ملزموں کو ضمانت پر رہا کرنے کا  حکم دے دیا۔ عدالت نے مقدمات کا ریکارڈ دیکھنے کے بعد فیصلہ سنا دیا ، فیصلے میں  وکلاء کو ضمانت پر  رہا کرنے کا حکم دیا گیا ۔ گزشتہ ماہ پی آئی سی میں ایک وکیل پر ہونے والے تشدد نے وکلاء اور ڈاکٹروں کی انا کی جنگ  کو خطرناک موڑ دیا ،  مصالحت کے لئے فریقین کے کئی اجلاس ہوئے اور پھر  پی آئی سی کے ڈاکٹر عرفان کی وکلاء  کا مذاق اڑانے پر مبنی  ویڈیو  نے جلتی پر تیل کا کام کیا ۔ ڈاکٹر عرفان کی تضحیک آمیز ویڈیو پر وکلاء  بڑی تعداد میں پی آئی سی پر حملہ آور ہو گئے اور پھر  دروازے توڑ کر پی آئی سی میں گھس گئے ، پھر جس کے ہاتھ جو آیا اس نے وہ توڑ دیا۔ وکلاء کے حملے سے ڈاکٹرز اور نرسیں ڈر کر بھاگ گئیں ، مریض بے یار و مدد گار رہے ، پولیس کی جانب سے وکلاء کو منتشر کرنے کیلئے  دل کے اسپتال کے قریب آنسو گیس کی شیلنگ  کی گئی ۔ دوران علاج  مریض چھوڑ کر بھاگنے ، وکلاء کی توڑ پھوڑ  و شور شرابے  اور  آنسو گیس کی شیلنگ  کے باعث زہریلی  آب و ہوا  کے باعث کئی  دل کے مریض جان کی بازی ہار گئے ۔ وکلاء کی جانب سے توڑ  پھوڑ کے ساتھ ساتھ ایک پولیس موبائل وین جلائی گئی جب کہ وکلاء کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز بھی  میڈیا کی زینت بنیں۔ حالات بگڑنے پر پولیس نے  کئی وکلاء کو گرفتار  کیا۔ واقعے کے بعد ڈاکٹروں نے  پی آئی سی اور وکلاء نے عدالتوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا۔